ہماری آنکھوں کے سامنے غزہ میں قحط مسلط کیا جا رہا ہے، یورپی یونین

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

غزہ میں جاری انسانی بحران پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے برطانیہ، فرانس، جرمنی اور دیگر یورپی ممالک کے وزرائے خارجہ نے اسرائیل سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔ 27 یورپی ممالک کی جانب سے جاری کیے گئے مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ "ہماری آنکھوں کے سامنے غزہ میں قحط مسلط کیا جا رہا ہے” اور یہ بحران ناقابل تصور حدوں کو چھو رہا ہے۔

latest urdu news

بیان میں اسرائیل سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی امدادی اداروں کو غزہ میں محفوظ اور بلارکاوٹ رسائی فراہم کرے۔ یورپی وزرائے خارجہ نے زور دیا کہ تمام انسانی امداد کو غزہ میں داخلے کی اجازت دی جائے اور امدادی مراکز پر حملے فوری طور پر بند کیے جائیں تاکہ بے گناہ شہریوں اور امدادی کارکنوں کی زندگیاں محفوظ رہ سکیں۔

ادھر غزہ میں اسرائیلی بمباری کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ تازہ فضائی کارروائیوں میں 60 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ دوسری جانب، مسلسل بھوک اور غذائی قلت کے باعث مزید 5 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جن میں 2 بچے بھی شامل ہیں، جس کے بعد صرف غذائی قلت سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 227 ہو چکی ہے، جن میں 103 معصوم بچے بھی شامل ہیں۔

یورپی رہنماؤں کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب غزہ میں بنیادی انسانی ضروریات تک رسائی نہ ہونے کے باعث حالات روز بروز بدتر ہوتے جا رہے ہیں، اور عالمی برادری پر دباؤ بڑھتا جا رہا ہے کہ وہ اسرائیل پر فوری جنگ بندی اور امدادی رسائی کے لیے اثرانداز ہو۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter