پاکستان کی عالمی شہرت یافتہ پاپ گلوکارہ نازیہ حسن کو مداحوں سے بچھڑے 25 برس گزر گئے ہیں۔ نازیہ حسن نے اپنے منفرد انداز اور دلکش آواز سے پاکستان میں پاپ موسیقی کو متعارف کروایا، اور انہیں پاپ گلوکاری کی بانی کے طور پر یاد کیا جاتا ہے۔
نازیہ حسن نے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں موسیقی کے مداحوں کے دلوں میں ایک خاص مقام بنایا۔ ان کے گانے آج بھی مداحوں میں بے حد مقبول ہیں، اور ان کی شخصیت نوجوان خواتین کے لیے ایک آئیڈیل کی حیثیت رکھتی تھی۔ انہوں نے خواتین کو موسیقی کی دنیا میں اپنی جگہ بنانے کا حوصلہ دیا، اور ان کی کامیابی نے کئی نوجوانوں کو اپنی منزل تلاش کرنے کی ترغیب دی۔
ان کے مشہور گانوں میں "آپ جیسا کوئی میری زندگی میں آئے”، "دوستی”، "ڈسکو دیوانے”، "آنکھیں ملانے والے” اور "بوم بوم” جیسے گانے شامل ہیں، جو آج بھی سننے والوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔ نازیہ حسن کی یادیں نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت میں بھی زندہ ہیں، جہاں ان کے گانے بے حد پسند کیے گئے اور ان کی آواز کا جادو آج بھی برقرار ہے۔
نازیہ حسن کے چاہنے والے آج بھی ان کے گانوں کو سنتے ہیں اور ان کی شخصیت کو یاد کرتے ہیں، اور ان کا کام ہمیشہ پاکستانی موسیقی کی تاریخ کا اہم حصہ رہے گا۔