دینہ پولیس نے چوری اور موٹر سائیکل چوری میں ملوث دو ملزمان گرفتار کرکے مسروقہ سامان اور نقدی برآمد کرلی۔
دینہ پولیس نے شہر اور نواحی علاقوں میں چوری اور موٹر سائیکل چوری کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان متعدد وارداتوں میں ملوث پائے گئے۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے مسروقہ موٹر سائیکل، قیمتی سامان اور نقدی برآمد کر لی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ ملزمان وارداتوں کے بعد سامان چھپانے اور فروخت کرنے کی کوشش کر رہے تھے، تاہم خفیہ اطلاع پر چھاپہ مار کر انہیں گرفتار کیا گیا۔ دورانِ تفتیش، ملزمان نے کئی وارداتوں کا اعتراف بھی کر لیا، جبکہ ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔
ایس ایچ او دینہ نے بتایا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے، اسی لیے گشت اور خفیہ نگرانی مزید بڑھا دی گئی ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی مشکوک شخص یا سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو فراہم کریں تاکہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کی جا سکے۔
واضح رہے کہ دینہ اور گرد و نواح میں گزشتہ چند ماہ کے دوران چوری اور موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں اضافہ ہوا تھا، جس کے بعد پولیس نے خصوصی ٹیم تشکیل دی تھی۔