پاکستان میں 14 اگست کے جشن آزادی کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، عمارات اور سڑکیں قومی پرچم، جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے مزین ہیں۔
پاکستان میں 14 اگست یعنی یومِ آزادی کے جشن کی تیاریاں عروج پر ہیں اور ملک بھر کے بڑے چھوٹے شہروں میں خوشی اور جوش و خروش کا سماں ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، پشاور، لاہور سمیت دیگر شہروں میں اہم سرکاری اور نجی عمارات کو قومی پرچم، جھنڈیوں اور رنگ برنگی برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔
شہروں، قصبوں اور دیہات میں جگہ جگہ قومی پرچم، بیجز، جھنڈیاں اور دیگر قومی اشیاء کے سٹال لگ چکے ہیں، جہاں شہری بڑی تعداد میں خریداری میں مصروف ہیں۔ قومی پرچم کے رنگوں سے مزین کھلونے، شرٹس، بیجز اور سٹیکرز لوگوں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔
پنجاب بھر میں بھی جشنِ آزادی کی تقریبات جاری ہیں اور اس مرتبہ حکومت پنجاب نے یومِ آزادی کو منفرد انداز میں منانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے ہیں، جن میں معرکہ حق کے شہداء اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔ لاہور میں سرکاری سطح پر حضوری باغ، مینار پاکستان اور دیگر عوامی مقامات پر تیاریاں مکمل کی جا رہی ہیں۔
یومِ آزادی کے موقع پر شعراء اور ادبا بھی سرگرم ہیں، مشاعروں کے انتظامات کیے جا چکے ہیں جبکہ جامعات میں طلبہ خاکے، ڈرامے اور کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لے رہے ہیں،شہریوں کا کہنا ہے کہ یومِ آزادی محض ایک دن نہیں بلکہ یہ قومی وحدت، قربانیوں کی یاد اور وطن سے محبت کا اظہار ہے، جسے ہر سال پورے جوش و خروش سے منانا فخر کی بات ہے۔
یاد رہے کہ یہ دن پاکستان کے بانیوں کی قربانیوں اور پاک وطن کے لیے کی جانے والی جدوجہد کا غماز ہے اور پورے ملک میں اس مناسبت سے تقریبات کا اہتمام کیا جا رہا ہے، جو حب الوطنی اور قومی یکجہتی کا مظہر ہے۔