لاہور میں نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر اداکارہ منزہ عارف نے نئے شادی شدہ جوڑوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بچوں کی پیدائش میں تاخیر نہ کریں، کیونکہ عمر ڈھلنے کے بعد نہ صرف حمل ٹھہرنے میں مشکلات پیش آتی ہیں بلکہ پیدا ہونے والے بچوں کی صحت بھی متاثر ہو سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کی دادی اور والدہ کا زمانہ ایسا تھا جب ہر کسی کو خالص غذا دستیاب ہوتی تھی، لیکن آج کے دور میں نئی نسل ڈرنکس اور تیار شدہ کھانوں پر زیادہ انحصار کر رہی ہے، جس سے طبی پیچیدگیاں بڑھ گئی ہیں۔
منزہ عارف نے طبی ماہرین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جو شخص 20 سال کی عمر میں اپنی خوراک بہتر رکھے گا، وہ 40 سال کے بعد اس کے فوائد حاصل کرے گا، اس لیے صحت اور خوراک کا خاص خیال رکھنا چاہیے۔
اداکارہ کے مطابق آج کل لڑکیاں کیریئر یا زندگی کے مزے لینے کے لیے بچوں کی پیدائش کو مؤخر کر دیتی ہیں، لیکن جب وہ اس کا فیصلہ کرتی ہیں تو اکثر بہت دیر ہو چکی ہوتی ہے،انہوں نے زور دیا کہ وقت گزرنے سے پہلے یہ قدم اٹھانا چاہیے تاکہ بعد میں پیچیدگیوں اور مسائل سے بچا جا سکے۔
یاد رہے کہ حالیہ برسوں میں طبی ماہرین بھی متعدد بار اس بات پر زور دے چکے ہیں کہ عمر بڑھنے کے ساتھ خواتین میں تولیدی مسائل میں اضافہ ہوتا ہے، جس سے نہ صرف ماں بلکہ بچے کی صحت پر بھی منفی اثرات پڑ سکتے ہیں۔