پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ایک روزہ میچز کی سیریز کا پہلا مقابلہ شاندار انداز میں جیت لیا، گرین شرٹس نے میزبان ٹیم کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔
میچ کی تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 49 اوورز میں 280 رنز بنائے۔ ایون لوئس 60، شائے ہوپ 55 اور روسٹن چیز 53 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ نسیم شاہ نے 3 اور صائم ایوب، سفیان مقیم اور سلمان آغا نے ایک ایک وکٹ لی۔
پاکستان نے 281 رنز کا ہدف 49 ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ میچ کے ہیرو نوجوان بیٹر حسن نواز رہے، جنہوں نے ڈیبیو میچ میں 63 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر پلیئر آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا۔
ان کے ساتھ حسین طلعت نے شاندار پارٹنرشپ قائم کی، جنہوں نے 41 رنز اسکور کیے۔ کپتان محمد رضوان نے 53 رنز، بابر اعظم نے 47، اور سلمان آغا نے 23 رنز کی اننگز کھیلی۔
129 سال بعد انگلش فاسٹ بولر نے ٹیسٹ کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کر دی
پاکستانی بلے بازوں نے اعتماد کے ساتھ کھیل پیش کیا اور ہدف کا کامیاب تعاقب کرتے ہوئے سیریز میں برتری حاصل کر لی۔
یاد رہے کہ یہ تین میچز پر مشتمل سیریز ہے، جس میں پاکستان اب 0-1 سے آگے ہے۔ دوسرا میچ اہمیت اختیار کر گیا ہے، جہاں ویسٹ انڈیز کو سیریز میں واپسی کے لیے لازمی فتح درکار ہوگی۔