حکومتِ پنجاب نے مالی سال 2025-26 کے دوران صوبے بھر میں صفائی خدمات کے لیے باقاعدہ سینی ٹیشن فیس عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ محکمہ بلدیات کے مطابق، دیہی اور شہری علاقوں کے لیے فیس کے مختلف سلیب (slabs) مرتب کر لیے گئے ہیں، جن کا نفاذ جلد متوقع ہے۔
دیہی علاقوں کے لیے فیس کا دائرہ کار
دیہی علاقوں میں گھریلو صارفین سے کم از کم 200 روپے اور زیادہ سے زیادہ 400 روپے ماہانہ صفائی فیس وصول کی جائے گی۔ فیس کا تعین مکان کے سائز اور سہولیات کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
شہری علاقوں میں فیس کی تفصیلات
محکمہ بلدیات کے مطابق شہری علاقوں میں فیس کے درج ذیل سلیب ہوں گے:
5 مرلہ سے کم رقبے کے گھروں کے لیے: 300 روپے
5 سے 10 مرلہ گھروں کے لیے: 500 روپے
10 سے 20 مرلہ: 1000 روپے
20 سے 40 مرلہ: 2000 روپے
40 مرلہ سے زائد: 5000 روپے ماہانہ
کاروباری اداروں کے لیے بھی فیس مقرر
شہری علاقوں میں تجارتی سرگرمیوں کے لیے بھی ماہانہ صفائی فیس عائد کی گئی ہے:
سمال بزنس (Small Business): 500 روپے
میڈیم بزنس (Medium Business): 1000 روپے
بڑے کاروبار (Large Business): 3000 روپے
بلنگ اور ادائیگی کا طریقہ کار
ڈپٹی سیکریٹری بلدیات پنجاب کے مطابق، فیس کی ادائیگی کو مرحلہ وار ڈیجیٹلائز کیا جائے گا۔ ابتدائی طور پر دو ماہ تک فیس بلز پرنٹ کرکے گھروں اور دکانوں پر فراہم کیے جائیں گے۔ بعد ازاں شہری آن لائن ایپلیکیشن کے ذریعے بھی فیس ادا کر سکیں گے۔
جہاں آن لائن ادائیگی کی سہولت موجود نہیں ہو گی، وہاں صفائی کمپنی کے سپروائزرز براہِ راست فیس وصول کریں گے۔یاد رہے کہ حکومت پنجاب گزشتہ آٹھ ماہ سے "ستھرا پنجاب” صفائی مہم جاری رکھے ہوئے ہے، جس کے تحت اب تک کسی قسم کی فیس وصول نہیں کی گئی تھی۔
نئی پالیسی کے تحت ان خدمات کو مستقل اور خود کفیل بنانے کے لیے باقاعدہ فیس لاگو کی جا رہی ہے۔