بڑھتی ہوئی آبادی اور اس سے جڑے مسائل سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی تیار کی جائے ، وزیراعظم

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی اور اس سے جڑے مسائل سے نمٹنے کے لیے صوبوں کے تعاون سے مؤثر حکمت عملی تیار کی جائے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت آبادی میں اضافے اور اس سے پیدا ہونے والے مسائل کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں انہیں بریفنگ دی گئی کہ پاکستان میں آبادی کے اضافے کی سالانہ شرح 2.55 فیصد ہے۔

latest urdu news

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آبادی میں تیزی سے اضافہ ترقی کی راہ میں رکاوٹ بن سکتا ہے، اس لیے ایک جامع منصوبہ بندی کی ضرورت ہے تاکہ نوجوانوں کو معیشت کا فعال حصہ بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بڑی آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اور یہ ملک کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ نوجوانوں کو ملکی ترقی میں کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں، جب کہ خواتین ہماری افرادی قوت کا اہم حصہ ہیں، اس لیے انہیں ملازمتوں کے زیادہ سے زیادہ مواقع دیے جائیں۔

وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی سے پیدا ہونے والے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قومی سطح کی پالیسی کی ضرورت ہے، جس کے لیے صوبوں کے اشتراک سے ایک مؤثر حکمت عملی مرتب کی جائے۔

انہوں نے فوری طور پر اس حوالے سے مؤثر پالیسی اور حکمت عملی وضع کرنے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم کو مختلف سفارشات بھی پیش کی گئیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ بڑھتی ہوئی آبادی پر قابو پانے اور عوامی آگاہی کے لیے قومی سطح پر مہم چلانا وقت کی ضرورت ہے۔ معاشی ترقی کے تناظر میں بھی آبادی کے دباؤ کو مدنظر رکھ کر اقدامات کرنا ضروری ہیں۔

اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

 

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter