گارمنٹس فیکٹری میں آگ بھڑک اٹھی، عمارت دھماکے سے گر گئی

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

کراچی کے صنعتی علاقے لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں واقع ایک گارمنٹس فیکٹری میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی، جو دیکھتے ہی دیکھتے پورے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے گئی۔

latest urdu news

ریسکیو ذرائع کے مطابق یہ آگ فیکٹری کے تہہ خانے سے شروع ہوئی اور تیزی سے پھیل کر پانچ منزلہ عمارت کو مکمل طور پر اپنی لپیٹ میں لے لیا، دھماکے سے متاثرہ عمارت زمین بوس ہوگئی، جبکہ گرنے والے ملبے کا کچھ حصہ ساتھ والی فیکٹری پر بھی گرا، جس سے کم از کم 7 افراد زخمی ہوئے۔

ریسکیو ترجمان کے مطابق متاثرہ فیکٹری میں کام کرنے والے مزدوروں کو بروقت کارروائی کرتے ہوئے نکال لیا گیا، جھلسنے والے افراد کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

فائر بریگیڈ حکام نے آگ کو تیسرے درجے کی قرار دیتے ہوئے بتایا کہ آگ بجھانے کے لیے 16 فائر ٹینڈرز اور 2 باوزر مسلسل کئی گھنٹوں سے کارروائی میں مصروف ہیں، آگ سے بلند ہونے والے دھوئیں کے بادل دور دور سے دیکھے گئے، جبکہ دھماکوں کی آوازیں وقفے وقفے سے سنائی دیتی رہیں۔

فائر حکام نے بتایا کہ آگ کے پھیلاؤ کو روک دیا گیا ہے اور فیکٹری سمیت اردگرد کی دیگر عمارتوں کو بھی خالی کرا لیا گیا ہے۔ فیکٹری کے مالک اقبال ایوب کے مطابق آگ کا آغاز تہہ خانے سے ہوا تھا، لیکن ابتدا میں لوگ اسے معمولی سمجھ کر نظر انداز کرتے رہے، جس کی وجہ سے آگ نے شدت اختیار کی۔ انہوں نے ضلعی حکومت سے فوری اقدامات کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یہ تیسرے درجے کی آگ ہے، اگر نہ روکی گئی تو مزید خطرناک نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ کراچی میں اس سے قبل بھی صنعتی علاقوں میں ایسے آتشزدگی کے واقعات ہو چکے ہیں، جن میں قیمتی جانوں اور املاک کا نقصان ہوا ہے۔ ماہرین حفاظتی اقدامات کے فقدان کو ان واقعات کی بڑی وجہ قرار دیتے ہیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter