سوشل میڈیا کے متنازع گلوکار چاہت فتح علی نے انٹرویو میں خود کو پاکستان کا نمبر ون گلوکار قرار دے دیا۔
سوشل میڈیا پر منفرد اور غیر روایتی انداز میں گانے گانے کے باعث شہرت پانے والے چاہت فتح علی خان نے خود کو پاکستان کا نمبر ون گلوکار قرار دے کر ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ مختلف پلیٹ فارمز پر اپنے غیر معمولی انداز اور عجیب و غریب گائیکی سے مقبول ہونے والے چاہت فتح علی خان کو جہاں شہرت ملی ہے، وہیں اکثر سوشل میڈیا صارفین کی تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔
حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران جب ان سے پاکستان کے ٹاپ گلوکاروں کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے بلا جھجک خود کو سرفہرست قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’میں پاکستان کا نمبر ون گلوکار ہوں‘‘۔ ان کے بقول، پاکستان میں کوئی بھی گلوکار ان کے جیسا نہیں، نہ ان کے جیسا انداز ہے اور نہ ان جیسی مقبولیت۔
عاطف اسلم کے بارے میں بات کرتے ہوئے چاہت فتح علی نے کہا کہ وہ ایک اچھے گلوکار ہیں جن کی آواز نئی ہے، اسی وجہ سے لوگ انہیں سنتے ہیں۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ عاطف اسلم کی گلوکاری کا آغاز کچھ خاص نہیں تھا لیکن وقت کے ساتھ وہ عالمی سطح پر مقبول ہو چکے ہیں۔ ان کے مطابق، عاطف اسلم پاکستان میں گلوکاری کے میدان میں دوسرے نمبر پر آتے ہیں۔
عالمی شہرت یافتہ صوفی گلوکار راحت فتح علی خان کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ ان کے نزدیک تیسرے نمبر پر ہیں۔ چاہت فتح علی خان کی اس درجہ بندی پر سوشل میڈیا پر ملا جلا ردعمل سامنے آ رہا ہے، جہاں کچھ افراد ان کے اعتماد کو سراہ رہے ہیں، وہیں بیشتر صارفین اسے مزاحیہ اور خود پسندی پر مبنی قرار دے رہے ہیں۔