تھانہ کالا گجراں میں درج قتل کیس کا فیصلہ سنا دیا گیا، عدالت نے احسن علی اور دانش علی کو عمر قید اور بھاری جرمانے کی سزائیں سنائیں۔
جہلم کی مقامی عدالت نے تھانہ کالا گجراں میں درج ایک قتل کیس کا بڑا فیصلہ سناتے ہوئے دو مجرمان، احسن علی اور دانش علی کو عمر قید، 23 سال قیدِ بامشقت، اور بھاری جرمانوں کی سزائیں سنائیں۔
مقدمہ نمبر 420/24 بجرم 302، 34، 392 اور 411 کے تحت درج اس کیس میں دونوں ملزمان پر ایک شہری کو بے رحمی سے قتل کرنے اور واردات کے دوران قیمتی سامان چھیننے کا الزام تھا۔
یہ دل دہلا دینے والا واقعہ 2024 میں پیش آیا، جس کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مجرمان کو جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارت کے ذریعے ٹریس کر کے گرفتار کیا۔ تفتیشی ٹیم نے ناقابلِ تردید شواہد عدالت میں پیش کیے، جن کی بنیاد پر عدالت نے سخت فیصلہ سنایا۔
عدالت نے قتل کے الزام میں دونوں کو عمر قید اور فی کس 10 لاکھ روپے جرمانہ، ڈکیتی میں 10 سال قیدِ بامشقت اور فی کس 1 لاکھ روپے جرمانہ، جبکہ مسروقہ مال رکھنے پر 3 سال قیدِ بامشقت اور فی کس 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔ عدالت کے اس فیصلے کو قانون کی حکمرانی اور انصاف کی فراہمی کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
ڈی پی او جہلم، طارق عزیز سندھو نے کامیاب تفتیش پر پولیس ٹیم کو سراہتے ہوئے شاباش دی اور انہیں تعریفی اسناد و نقد انعامات دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ جہلم پولیس جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔