بلوچستان کے ضلع مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو دہشتگردوں نے ریموٹ کنٹرول بم (آئی ای ڈی) سے نشانہ بنایا، حملے کے نتیجے میں میجر محمد رضوان طاہر سمیت پاک فوج کے تین جوان شہید ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اس بزدلانہ حملے میں نائیک ابنِ امین اور لانس نائیک محمد یونس بھی شہادت کے عظیم مرتبے پر فائز ہوئے۔
شہداء کی تفصیلات درج ذیل ہیں:
- میجر محمد رضوان طاہر، عمر 31 سال، تعلق نارووال سے۔
- نائیک ابنِ امین، عمر 37 سال، تعلق ضلع صوابی سے۔
- لانس نائیک محمد یونس، عمر 33 سال، تعلق ضلع کرک سے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق واقعے کے بعد علاقے میں فوری طور پر کلیئرنس آپریشن شروع کیا گیا جس میں چار دہشتگرد مارے گئے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ میجر رضوان طاہر ایک نڈر اور فرض شناس افسر تھے جنہوں نے دہشتگردی کے خلاف متعدد کامیاب آپریشنز کی قیادت کی اور ہمیشہ فرنٹ لائن پر موجود رہ کر اپنے جوانوں کی رہنمائی کی۔
فوجی ترجمان کے مطابق علاقے میں مکمل امن بحالی تک آپریشن جاری رہے گا، اور بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز پرعزم ہیں۔