چوہنگ میں خاتون سے شوہر کے سامنے اجتماعی زیادتی کے اندوہناک واقعے میں ملوث چوتھے مرکزی ملزم کو بھی سی ٹی ڈی نے فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک کر دیا۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والا ملزم عمران اس گھناؤنے جرم کی منصوبہ بندی میں مرکزی کردار تھا۔
سی ٹی ڈی ماڈل ٹاؤن کی ٹیم نے واقعے میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے قصور میں چھاپہ مارا، جس دوران فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا۔ سی ٹی ڈی کے مطابق ملزم عمران موقع پر ہی ہلاک ہو گیا، جب کہ انسپکٹر شاہد اور پولیس اہلکار علی بلٹ پروف جیکٹس کی بدولت محفوظ رہے۔ البتہ پولیس موبائل اور جیکٹس کو معمولی نقصان پہنچا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ عمران واقعے کا ماسٹر مائنڈ تھا، اور اس سے پہلے تین دیگر ملزمان، اویس، زاہد اور ارشاد بھی مختلف پولیس مقابلوں میں مارے جا چکے ہیں۔
یاد رہے کہ یہ اندوہناک واقعہ کچھ عرصہ قبل چوہنگ کے علاقے میں پیش آیا تھا، جہاں چار مسلح افراد نے ایک جوڑے کو روکا، شوہر کو برہنہ کر کے تشدد کا نشانہ بنایا اور اس کی بیوی کو بار بار جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ اس سنگین واردات نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔
وزیراعلیٰ پنجاب اور آئی جی نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور کو متاثرہ خاندان کو فوری انصاف فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی۔
سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق ہلاک ملزمان کا مجرمانہ ریکارڈ موجود تھا، اور وہ ڈکیتی کے دوران خواتین سے زیادتی میں ملوث پائے گئے تھے۔
تاہم یہ امر بھی قابل توجہ ہے کہ پنجاب میں پولیس کی جانب سے اکثر زیر حراست ملزمان کو نشان دہی کے لیے لے جاتے ہوئے ایسے ہی مبینہ مقابلے پیش آتے ہیں، جن میں اکثر اوقات مطلوب ملزمان مارے جاتے ہیں۔