اسپیکر پنجاب اسمبلی کی مداخلت پر گرفتار 9 اپوزیشن اراکین رہا

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

پنجاب اسمبلی کے اسپیکر ملک محمد احمد خان کی براہ راست مداخلت اور احکامات کے بعد گرفتار اپوزیشن کے 9 اراکین اسمبلی کو رہا کر دیا گیا۔

پنجاب اسمبلی کا اجلاس شروع ہوتے ہی اپوزیشن ارکان نعرے بازی کرتے ہوئے ایوان میں داخل ہوئے اور اسپیکر کے ڈائس کا گھیراؤ کیا، تاہم یہ احتجاج صرف علامتی ثابت ہوا، جس کے بعد اراکین اپنی نشستوں پر جا کر بیٹھ گئے۔

latest urdu news

اسمبلی اجلاس کے دوران اسپیکر نے اعلان کیا کہ گرفتار اراکین کے خلاف ایف آئی آر رکوا دی گئی ہے اور میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان کو ہدایت دی گئی کہ وہ گرفتار ارکان کو رہا کروا کر اسمبلی میں لائیں۔ اسپیکر کی اس ہدایت پر پولیس نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے اپوزیشن کے تمام 9 گرفتار اراکین کو رہا کر دیا۔

رہائی کے بعد ڈپٹی اپوزیشن لیڈر معین ریاض قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی گرفتاریاں ہمارے حوصلے پست کرنے کے بجائے مزید مضبوط کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور ان کے نظریے کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔

یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں پنجاب اسمبلی کے ماحول میں سخت کشیدگی دیکھی جا رہی ہے جہاں اپوزیشن کی جانب سے مسلسل احتجاج اور حکومت کے ساتھ تناؤ کی کیفیت برقرار ہے۔ اس رہائی کو ایوان میں وقتی سکون کا سبب تو کہا جا سکتا ہے، تاہم سیاسی محاذ آرائی اب بھی شدت سے جاری ہے۔

 

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter