ممبئی ، بالی وڈ اداکارہ تمنا بھاٹیا نے اپنے حالیہ انٹرویو میں ایک دلچسپ اور غیر متوقع انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا مقبول آئٹم سانگ "آج کی رات مزہ حسن کا آنکھوں سے لیجیے” نہ صرف بڑوں کو پسند ہے بلکہ چھوٹے بچے بھی یہ گانا سن کر خوشی سے کھانا کھاتے ہیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ کئی خواتین نے انہیں بتایا کہ جب وہ اپنے کمسن بچوں کو کھلانے میں ناکام ہو جاتی ہیں تو وہ یہ گانا چلا دیتی ہیں، جس کے بعد بچے ڈائپر پہنے، نا سمجھی میں مسکراتے، گانے کی دھن پر کھانا کھا لیتے ہیں۔
انہوں نے ہنستے ہوئے کہا:
انہیں گانے کی شاعری تو سمجھ نہیں آتی، لیکن میوزک اور میرا ڈانس دیکھ کر وہ خوش ہو جاتے ہیں۔
تمنا نے اعتراف کیا کہ 2024 میں ریلیز ہونے والا یہ آئٹم نمبر ان کے کیریئر کا یادگار گانا بن چکا ہے، جسے اب تک یوٹیوب پر 74 کروڑ بار دیکھا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گانے میں ان کے لباس، ڈانس اسٹائل اور پرفارمنس کو خوب سراہا گیا اور یہ ہر عمر کے ناظرین میں مقبول ہوا۔
انٹرویو میں اداکارہ نے یہ بھی بتایا کہ جب مداح انہیں پہچان کر تصاویر اور ویڈیوز کے لیے آگے آتے ہیں، تو وہ خود کو خوش قسمت محسوس کرتی ہیں۔ انہوں نے پاکستانی کرکٹر عبدالرزاق سے شادی کی افواہوں کو بھی ہنسی میں اڑاتے ہوئے مسترد کیا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ انہوں نے اپنے کیل مہاسوں کے علاج کا انوکھا طریقہ بھی شیئر کیا، جس پر سامعین حیران رہ گئے۔ تمنا نے کہا:
میں اپنے تھوک سے چہرے پر کیل مہاسے ٹھیک کرتی ہوں، یہ میرا گھریلو ٹوٹکا ہے
تمنا بھاٹیا کا یہ انٹرویو سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکا ہے اور مداح ان کی سادگی، مزاح اور صاف گوئی کو بے حد پسند کر رہے ہیں۔