ممبئی سے موصولہ اطلاعات کے مطابق مودی سرکار نے خود ہی بھارتی میڈیا کو جھوٹا قرار دے کر دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے۔
پاکستان مخالف ایک اور جھوٹا بیانیہ گھڑنے کی کوشش اس وقت ناکام ہو گئی جب بھارت کے سرکاری خبر رساں ادارے ANI نے ان خبروں کو فیک نیوز قرار دے دیا جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پاکستانی اور بھارتی جنگی طیارے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر پرواز کر رہے ہیں اور پاکستان کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کی گئی ہے۔
بھارتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور کئی مرکزی میڈیا چینلز نے بغیر تصدیق کے یہ افواہ پھیلائی کہ سرحد پر حالات کشیدہ ہو چکے ہیں۔ تاہم، بھارتی دفاعی ذرائع نے واضح کیا کہ نہ کوئی غیر معمولی فضائی سرگرمی ریکارڈ کی گئی ہے اور نہ ہی سیز فائر کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔ اس تصدیق کے بعد مودی حکومت کے قریبی ادارے ANI نے ان تمام دعوؤں کو محض جھوٹ اور افواہ قرار دے کر بھارتی میڈیا کی ساکھ پر سوالیہ نشان لگا دیا۔
دیگر ریاستی اداروں نے بھی کہا ہے کہ میڈیا کی پھیلائی گئی خبریں جھوٹ پر مبنی ہیں اور ان کا زمینی حقائق سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ یہ پہلی مرتبہ نہیں کہ بھارتی میڈیا نے ایسی غیر ذمہ دارانہ رپورٹنگ کی ہو۔ اس سے قبل ’’آپریشن سندور‘‘ کے دوران بھی بھارتی میڈیا نے جھوٹ پر مبنی رپورٹس دے کر نہ صرف عالمی سطح پر بھارت کی ساکھ کو نقصان پہنچایا بلکہ اندرون ملک بھی عوام میں بے چینی اور اشتعال پھیلایا۔
پاکستانی سکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی میڈیا اب صرف ایک پراپیگنڈا آلہ بن چکا ہے جو ریاستی جنگجو عناصر کے اشارے پر کام کرتا ہے اور خطے میں کشیدگی کو ہوا دینے کے لیے جان بوجھ کر جھوٹی خبریں پھیلاتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس وقت ایل او سی پر صورتحال مکمل طور پر معمول کے مطابق ہے اور بھارتی میڈیا کا مقصد صرف عدم استحکام اور پاکستان کے خلاف منفی تاثر پیدا کرنا ہے۔
یاد رہے کہ بھارتی میڈیا پر پہلے بھی فیک نیوز، جنگی جنون اور اشتعال انگیز رپورٹنگ کے الزامات لگتے رہے ہیں، اور اب خود مودی سرکار کے ادارے ان دعوؤں کی تصدیق کرتے نظر آ رہے ہیں کہ بھارتی میڈیا ریاستی پروپیگنڈا مشینری کا ایک پرزہ بن چکا ہے۔