چین میں ذہنی دباؤ اور بے خوابی سے نجات کے لیے بالغ افراد پلاسٹک کے فیڈرز (چُوسنی) استعمال کر رہے ہیں۔
بیجنگ: چین میں ذہنی دباؤ، کم خوابی اور ٹینشن جیسے مسائل سے نمٹنے کے لیے ایک نیا اور غیر روایتی رجحان تیزی سے فروغ پا رہا ہے، جہاں ہزاروں بالغ افراد پلاسٹک کے بچوں والے فیڈرز، یعنی چُوسنیاں، استعمال کر رہے ہیں، جدید زندگی کی تھکن، دفتری دباؤ، مالی پریشانیاں، اور پیچیدہ انسانی تعلقات نے نوجوانوں کی ذہنی صحت کو بری طرح متاثر کیا ہے، اور اب وہ ان مسائل کے حل کے لیے ایسے طریقے اپنا رہے ہیں جو نفسیاتی ماہرین کو بھی حیران کر رہے ہیں۔
چینی نوجوانوں کا ماننا ہے کہ یہ فیڈرز انہیں بچپن کے احساسِ تحفظ اور سکون کی یاد دلاتے ہیں، جس سے وقتی طور پر ذہنی دباؤ میں کمی آتی ہے۔ ان فیڈرز کی قیمت 10 یوان سے شروع ہو کر 500 یوان (تقریباً 1.40 سے 70 امریکی ڈالر) تک جاتی ہے، اور انہیں خصوصی نیند میں مدد دینے والی یا ذہنی سکون فراہم کرنے والی مصنوعات کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔
چینی ای کامرس ویب سائٹس پر ان فیڈرز کی مانگ میں حیران کن اضافہ دیکھا گیا ہے، اور بعض آن لائن اسٹورز ہر ماہ ہزاروں یونٹس فروخت کر رہے ہیں۔ سادہ اشتہارات جیسے "سکون کی نیند کے لیے آزمائیں” یا "ٹینشن کو دور کریں” نوجوانوں کو خریداری پر آمادہ کر رہے ہیں۔
ماہرین نفسیات اس رجحان کو جدید سماج میں بڑھتے ہوئے ذہنی دباؤ کی علامت قرار دے رہے ہیں، اور اس بات پر زور دے رہے ہیں کہ وقتی سکون کے بجائے طویل مدتی ذہنی صحت کے حل تلاش کیے جائیں۔