پارلیمنٹ ہاؤس کے کیفے ٹیریا میں ناقص صفائی اور غیر معیاری کھانے کا معاملہ اس وقت سنگین صورت اختیار کر گیا جب ایک رکن قومی اسمبلی کو لنچ کے دوران کھانے سے کاکروچ نکل آیا۔ معاملہ منظرِ عام پر آنے کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے فوری نوٹس لیتے ہوئے کیفے ٹیریا کی انتظامیہ کو فارغ کر دیا اور صفائی و معیار کے حوالے سے مکمل تحقیقات کا حکم جاری کر دیا۔
ذرائع کے مطابق، قومی اسمبلی کے گزشتہ اجلاس کے دوران ایک رکن نے کھانے میں کاکروچ نکلنے کی ویڈیو بنائی، جو بعد ازاں سوشل میڈیا پر بھی گردش کرتی رہی۔ اس واقعے نے دیگر اراکین اسمبلی کو بھی تشویش میں مبتلا کر دیا، جنہوں نے کیفے ٹیریا میں صفائی کے ناقص انتظامات پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور اسپیکر سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔
اسپیکر ایاز صادق نے نہ صرف کیفے ٹیریا کی موجودہ انتظامیہ کو ہٹا دیا بلکہ فوری طور پر نیا ٹینڈر جاری کرنے کی ہدایت بھی کی تاکہ کیٹرنگ کا انتظام کسی مستند اور ذمہ دار کمپنی کے سپرد کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ اراکین کی جانب سے متعدد بار شکایات موصول ہو چکی تھیں، لیکن حالیہ واقعہ ناقابلِ برداشت ہے۔
پارلیمنٹ کیفے ٹیریا میں کھانے سے کاکروچ نکلنے پر اسپیکر قومی اسمبلی کا بڑا ایکشن#Parliament #food pic.twitter.com/B4sOozYKmj
— News Alert (@TheNewsAlertPK) August 6, 2025
ترجمان قومی اسمبلی ظفر سلطان نے کیفے ٹیریا کا دورہ کیا اور کچن سمیت تمام سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے نئی انتظامیہ کو سختی سے ہدایت کی کہ اراکین کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق معیاری کھانا فراہم کیا جائے۔ ترجمان کے مطابق، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق خود بھی جلد کیفے ٹیریا کا معائنہ کریں گے۔
واضح رہے کہ پارلیمنٹ کیفے ٹیریا میں روزانہ اجلاس کے دوران ارکان اسمبلی کو ظہرانہ فراہم کیا جاتا ہے، جس میں بوفے سسٹم رائج ہے۔ لیکن حالیہ واقعے نے اس نظام کی شفافیت اور معیار پر سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں۔ ارکان نے مطالبہ کیا ہے کہ نہ صرف نئی کمپنی لائی جائے بلکہ کچن کے تمام امور کی باقاعدہ نگرانی کا نظام بھی متعارف کروایا جائے تاکہ آئندہ ایسی شرمناک صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔