بیرسٹر سیف نے کہا کہ عوامی سمندر نے حکومت کو ہلا کر رکھ دیا، عمران خان کی رہائی اب یقینی ہے، دوسری کال کا انتظار ہے۔
پشاور: خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی رہائی کا راستہ اب کوئی نہیں روک سکتا۔
اپنے ایک بیان میں بیرسٹر سیف نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ روز ملک بھر میں پی ٹی آئی کی جانب سے ہونے والے احتجاج پرامن، منظم اور بھرپور عوامی حمایت کا عکاس تھا، خاص طور پر پنجاب میں عوام بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکلے۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں عوام کا سمندر دیکھ کر حکومت کی "کانپیں ٹانگ گئیں”، اور واضح ہو گیا کہ عمران خان کی رہائی صرف وقت کی بات ہے۔ بیرسٹر سیف نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نہایت جوش و جذبے سے مارچ کی قیادت کی، اور عوام نے ان پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔
صوبائی مشیر اطلاعات نے مزید کہا کہ پارٹی قیادت اور کارکنان اب بانی پی ٹی آئی کی اگلی کال کے منتظر ہیں۔ ان کے مطابق جیسے ہی عمران خان کی کال آتی ہے، چاہے وہ اسلام آباد کی جانب ہو یا لاہور کی طرف، عوام ایک بار پھر باہر نکلیں گے۔ بیرسٹر سیف نے کہا کہ یہ تحریک نہ صرف عمران خان کی رہائی بلکہ پاکستان میں آئین و قانون کی بالادستی اور عوامی حقِ رائے دہی کے لیے جاری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عوامی ردعمل اس بات کا ثبوت ہے کہ عمران خان اب بھی عوام کے دلوں پر راج کر رہے ہیں اور حکومت کسی صورت اس مقبولیت کو دبانے میں کامیاب نہیں ہو سکتی۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی کے بانی عمران خان گزشتہ کئی ماہ سے مختلف مقدمات میں قید ہیں، جبکہ پارٹی کی جانب سے ان کی رہائی کے لیے مسلسل سیاسی دباؤ بڑھایا جا رہا ہے۔ حالیہ احتجاج کو پارٹی کی ایک نئی حکمت عملی کا آغاز قرار دیا جا رہا ہے۔