گجرات میں معروف کاروباری شخصیت مبشر حسین ڈار کی دکان "ڈار موبائلز” پر ڈکیتی کی واردات کے دوران ڈاکو 15 لاکھ روپے نقدی اور پانچ قیمتی موبائل فون لوٹ کر فرار ہو گئے تھے۔
واقعہ کے بعد سی ٹی ڈی گجرات کی ٹیم فوری کارروائی کرتے ہوئے وزیرآباد پہنچی، جہاں یہ انکشاف ہوا کہ وہاں کی مقامی پولیس نے پہلے ہی دو ملزمان کو گرفتار کر لیا تھا۔ مذکورہ ملزمان کی گرفتاری کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو چکی ہیں، تاہم اب تک مسروقہ رقم اور سامان کی ریکوری نہیں ہو سکی۔
مبشر حسین ڈار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بطور متاثرہ فریق اور گروپ لیڈر کہا کہ واردات کے فوراً بعد ان کی ٹیم نے بھرپور رابطہ کیا اور وزیرآباد پولیس کو کارروائی کی تفصیلات فراہم کیں، لیکن تاحال نہ ان کی رقم واپس ملی ہے اور نہ ہی دیگر اشیاء کی ریکوری عمل میں آئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ان کے کاروبار اور عزت کا مسئلہ ہے۔
مبشر ڈار نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور سی ٹی ڈی حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ مداخلت کرتے ہوئے فوری طور پر لوٹی گئی رقم اور اشیاء کی واپسی یقینی بنائیں۔
یاد رہے کہ ڈار موبائلز پر ڈکیتی کا یہ واقعہ حالیہ دنوں میں گجرات میں پیش آنے والے نمایاں جرائم میں سے ایک ہے، جس نے تاجر برادری میں عدم تحفظ کا احساس پیدا کر دیا ہے۔ وزیرآباد پولیس کی بروقت کارروائی قابل تحسین ہے، مگر متاثرہ شخص کو انصاف کی فراہمی اور مکمل ریکوری اب بھی باقی ہے۔