اسلامی نام محمد مسلسل دوسرے سال انگلینڈ اور ویلز میں سب سے زیادہ رکھا جانے والا نام بن گیا ہے۔ یہ انکشاف برطانیہ کے ادارہ قومی اعداد و شمار کی جانب سے جاری کی گئی 2024 کی رپورٹ میں کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق لڑکوں کے مقبول ناموں میں نوحا (Noah) دوسرے جبکہ اولیور (Oliver) تیسرے نمبر پر رہا۔ لڑکیوں کے لیے اولیویا (Olivia) اور امیلیا (Amelia) بدستور پہلے اور دوسرے نمبر پر ہیں۔
اسلامی نام محمد 2016 سے مسلسل ٹاپ ٹین میں شامل رہا ہے، تاہم پچھلے دو سالوں سے یہ سب سے زیادہ رکھا جانے والا نام بن چکا ہے، جو برطانیہ کی بدلتی ہوئی سماجی و ثقافتی ساخت کی عکاسی کرتا ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ شاہی خاندان سے منسلک ناموں کی مقبولیت میں نمایاں کمی آئی ہے۔ مثال کے طور پر جارج (George) اب چھٹے نمبر پر ہے، جبکہ ولیم (William) 27 ویں نمبر پر چلا گیا ہے۔
یہ اعداد و شمار برطانیہ میں مسلم آبادی کی بڑھتی ہوئی تعداد اور مختلف ثقافتوں کے انضمام کا مظہر ہیں، جو ناموں کے رجحانات پر بھی اثرانداز ہو رہے ہیں۔