مودی بین الاقوامی مذاق بن چکے، اسرائیلی ریاست کی سازش برطانیہ نے کی، خواجہ آصف

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ نریندر مودی عالمی سطح پر مذاق بن چکے، برطانیہ کو فلسطینی مظالم کا ازالہ کرنا چاہیے۔

اسلام آباد سے جاری ایک انٹرویو میں وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور اسرائیل کی حمایت میں کردار ادا کرنے والے مغربی ممالک پر شدید تنقید کی۔

latest urdu news

انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کی سیاست کا سورج غروب ہو چکا ہے اور وہ اب دنیا بھر میں بین الاقوامی مذاق کا نشانہ بنے ہوئے ہیں۔ ان کے بقول، پاک فوج اور پاکستانی قوم نے مودی کی ساکھ مٹی میں ملا دی ہے اور اب جس سے وہ ہاتھ ملاتے ہیں، وہ ہاتھ نہیں ملاتا، جسے گلے لگانا چاہتے ہیں، وہ گلے نہیں ملاتا۔

خواجہ آصف نے دعویٰ کیا کہ بھارتی پارلیمنٹ میں خود مودی کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا اور اب بھارتی میڈیا و فوج بھی تسلیم کر رہے ہیں کہ ان کے طیارے گرے، انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کی طرف سے جنگی بیانات صرف سیاسی ساکھ بحال کرنے کی ناکام کوشش ہیں۔

پی ٹی آئی کے معاملے پر بات کرتے ہوئے وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ بانی تحریک انصاف کے بیٹوں کے پاکستان آنے پر کوئی رکاوٹ نہیں، وہ قانونی طریقے سے ویزہ، اجازت اور شرائط پوری کر کے آ سکتے ہیں، تاہم حکومت ان کے سیاسی فیصلوں میں مداخلت نہیں کرے گی۔

انہوں نے زور دیا کہ احتجاج سیاسی جماعتوں کا حق ہے مگر 9 مئی یا 26 نومبر جیسے پرتشدد واقعات کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

آپریشن سندور میں ناکامی، بھارتی لوک سبھا میں مودی سرکار پر سوالات کی بارش

فلسطین کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے برطانیہ پر شدید تنقید کی اور کہا کہ اسرائیلی ریاست کی بنیاد برطانوی سازش کا نتیجہ تھی، جس کی ابتدا 1921 کے ڈیکلریشن سے ہوئی۔ ان کے بقول، برطانیہ پر فرض ہے کہ وہ فلسطینیوں کے ساتھ کیے گئے مظالم کا ازالہ کرے، کیونکہ بڑی طاقتوں کی جانب سے ان پر قحط، افلاس اور بھوک مسلط کی گئی ہے، انہوں نے کہا کہ غزہ میں بچوں کو جس طرح بھوکا مارا جا رہا ہے، وہ انسانیت کے لیے باعثِ شرم ہے، لیکن اب فلسطینیوں کی قربانیاں رنگ لا رہی ہیں۔

یاد رہے کہ خواجہ آصف ماضی میں بھی اسرائیل، بھارت اور مغربی ممالک کی پالیسیوں پر کھل کر تنقید کرتے رہے ہیں، جبکہ مودی سرکار کے جنگی بیانیے کو وہ ہمیشہ سیاسی چال قرار دیتے آئے ہیں۔ ان کے حالیہ بیانات بھی اسی تسلسل کی ایک کڑی ہیں، جن میں وہ عالمی برادری کو فلسطین کے مظلوم عوام کے ساتھ کھڑا ہونے کی اپیل کرتے ہیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter