سینئر صحافی و تجزیہ کار مجیب الرحمان شامی کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بڑی توقعات وابستہ تھیں، تاہم عمران خان کے بیٹے قاسم اور سلیمان کو امریکا میں کوئی خاص پذیرائی نہ ملنے کے باعث ان کی پاکستان آمد ملتوی کر دی گئی۔
دنیا نیوز کے پروگرام "نقطہ نظر” میں گفتگو کرتے ہوئے مجیب الرحمان شامی نے کہا کہ عمران خان کے بیٹے امریکا میں کچھ شخصیات سے ملے تو ضرور، لیکن وہاں سے کوئی یقین دہانی یا سیاسی حمایت حاصل نہیں ہو سکی۔ شامی نے معاملے پر شاعرانہ انداز اپناتے ہوئے کہا:
"ارادے باندھتا ہوں، سوچتا ہوں، توڑ دیتا ہوں
کہیں ایسا نہ ہو جائے، کہیں ایسا نہ ہو جائے”
انہوں نے بتایا کہ امریکا سے واپسی کے بعد بھی قاسم اور سلیمان کی پاکستان آمد کے حوالے سے کوئی مثبت تاثر سامنے نہیں آیا۔ پی ٹی آئی کی قیادت کو خدشہ ہے کہ اگر عمران خان کے بیٹے پاکستان آئے تو انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ اقدام عمران خان کے مورثی سیاست کی مخالفت پر مبنی بیانیے کو بھی نقصان پہنچا سکتا ہے۔
شامی کا کہنا تھا کہ عمران خان خود امریکا پر اپنی حکومت گرانے کا الزام لگاتے رہے ہیں، اور اب اگر ان کی رہائی کی کوششیں بھی امریکا سے شروع ہوں تو یہ سیاسی تضاد پیدا کرے گا۔ اسی وجہ سے عمران خان اور ان کی جماعت نے اس فیصلے پر نظر ثانی کی ہے۔