اسحاق ڈار کا دورہ امریکا و اقوام متحدہ کامیاب، فلسطین قرارداد منظور

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر اور فلسطین کو اجاگر کیا، سلامتی کونسل میں پاکستان کی قرارداد متفقہ طور پر منظور

اسلام آباد، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے امریکا اور اقوام متحدہ کے 10 روزہ دورے کو ہر لحاظ سے کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس دوران انہوں نے نہ صرف فلسطین کے حق میں آواز بلند کی بلکہ مسئلہ کشمیر کو بھی بھرپور انداز میں اٹھایا۔

latest urdu news

اسحاق ڈار نے بتایا کہ ان کے زیر صدارت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے تین اجلاس منعقد ہوئے، جن میں پاکستان کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی، یہ قرارداد تنازعات کو پُرامن طریقے سے حل کرنے سے متعلق تھی اور عالمی سطح پر پاکستان کی خارجہ پالیسی کی کامیابی قرار دی جا رہی ہے۔

اس موقع پر انہوں نے دو ریاستی حل سے متعلق فلسطین کانفرنس میں بھی شرکت کی، جس کا اہتمام فرانس اور سعودی عرب نے کیا تھا۔ کانفرنس کے دوران اسحاق ڈار نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرے، جبکہ اقوام متحدہ فلسطین کو مکمل رکنیت دے، دلچسپ بات یہ ہے کہ ان کے خطاب کے فوراً بعد برطانیہ کے وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر نے ستمبر میں مشروط طور پر فلسطین کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا، جبکہ فرانس نے بھی اسی سمت میں قدم بڑھانے کا عندیہ دے دیا۔

اسحاق ڈار نے استنبول ایئرپورٹ سے واپسی پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلیفون پر بات کر کے غزہ میں خوراک کی فوری امداد کی درخواست کی، جس پر وزیراعظم نے فوری طور پر 200 ٹن غذائی سامان بھجوانے کی منظوری دے دی۔ اسحاق ڈار کے مطابق، این ڈی ایم اے اور دفتر خارجہ کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ امدادی سامان فوری طور پر غزہ روانہ کیا جائے۔

وزیر خارجہ نے امریکی ہم منصب مارکو روبیو سے ملاقات اور ٹیلیفونک گفتگو کے علاوہ سعودی عرب، مصر سمیت 8 ممالک کے وزرائے خارجہ سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی کیں۔ انہوں نے پاکستانی کمیونٹی اور امریکی کاروباری شخصیات سے بھی روابط استوار کیے۔

تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ اسحاق ڈار نے جس طرح بطور وزیر خزانہ ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کیا، اسی طرح اقوام متحدہ کے اس اہم دورے میں بھی ان کی تدبرانہ گفتگو، سفارتی صلاحیتیں اور معاملہ فہمی عالمی سطح پر پاکستان کے مؤقف کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کا ذریعہ بنیں۔

یاد رہے کہ پاکستان نے حالیہ دنوں میں فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کے متعدد اقدامات کیے ہیں، جن میں انسانی امداد، دو ریاستی حل کی حمایت، اور اسرائیل کو تسلیم نہ کرنے کا دو ٹوک مؤقف شامل ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کی قرارداد کی متفقہ منظوری ایک غیر معمولی سفارتی کامیابی سمجھی جا رہی ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter