مانسہرہ: مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی حالیہ عام انتخابات میں مانسہرہ سے شکست پر ان کے قریبی ساتھی اور داماد کیپٹن (ر) صفدر نے وضاحت دیتے ہوئے انتخابی نتائج پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں کیپٹن (ر) صفدر کو ایک رپورٹر سے گفتگو کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جہاں وہ کہتے ہیں:
"تین انجم گزرے ہیں، اب وہ ریٹائر ہو چکے ہیں، ورنہ میں انہیں بھی عدالتی کٹہرے میں بلاتا اور کہتا کہ الیکشن کا رزلٹ تو 10 تاریخ کو آنا تھا، آپ کی ایجنسیاں کہہ رہی تھیں نواز شریف ہار گیا ہے، یہاں سے نکل جاؤ، فائرنگ ہو رہی ہے۔ یہ سب کیا تھا؟”
رپورٹر کے اس تبصرے پر کہ "آپ تو ہمیشہ کھری باتیں کرتے ہیں”، کیپٹن صفدر نے طنزیہ انداز میں جواب دیا: "تب ہی تو دھوپ میں کھڑا ہوں، ورنہ آپ کے ساتھ اے سی میں بیٹھا قیمے والے سموسے کھا رہا ہوتا۔”
ایک اور سوال پر کہ آیا ان کی رائے اور مشورے نواز شریف کو مہنگے پڑے، کیپٹن صفدر نے کہا: "ہم وہ لوگ ہیں جنہیں جیل میں ہوتے ہوئے بھی قوم نے سیٹ دی۔ میں سب سے لڑ سکتا ہوں، لیکن نظام سے نہیں۔ میں فوجی آدمی ہوں، گارنٹی لینے والا نہیں۔ میں نے ایک سال پہلے ہی انتخابی مہم شروع کر دی تھی۔”
انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ: "آج بھی جب کسی گاؤں جاتا ہوں، لوگ قسم کھا کر کہتے ہیں کہ ووٹ تو پورے گاؤں نے نواز شریف کو دیے تھے، لیکن رات کو جو نتیجہ آیا، اس میں ووٹوں کے ڈبے ادھر اُدھر کر دیے گئے۔ گاؤں والوں نے کہا کہ کچھ نہ کچھ ہوا ضرور ہے۔ ہم اتنے بے وفا نہیں کہ ایک ووٹ بھی نہ دیں، نواز شریف وہ شخص ہے جس نے ہماری نسلیں سنواریں۔”
کیپٹن صفدر کا کہنا تھا کہ انہوں نے ہمیشہ کھری بات کی ہے اور اسی سبب وہ آج بھی نظام سے دور کھڑے ہیں۔
خیال رہے کہ عام انتخابات 2024 میں نواز شریف کو مانسہرہ سے غیر متوقع شکست ہوئی تھی، جس پر یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر خاصی زیرِ بحث ہے۔