کراچی کو چلانا ہوگا اگر پاکستان کو چلانا ہے، فاروق ستار کا حکومت پر کڑی تنقید

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

کراچی، متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ اگر پاکستان کو چلانا ہے تو سب سے پہلے کراچی کو چلانا ہوگا، موجودہ انتظامیہ عوام کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کر رہی ہے۔

میڈیا سے گفتگو میں فاروق ستار کا کہنا تھا کہ شہرِ قائد میں ٹریفک پولیس تک بھتہ لے رہی ہے، کرپشن کا دائرہ ہر ادارے تک پھیل چکا ہے، عوام کو مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ سندھ حکومت 18ویں ترمیم کا غلط فائدہ اٹھا رہی ہے اور کراچی کو جان بوجھ کر نظر انداز کر رہی ہے۔

latest urdu news

فاروق ستار نے کہا کہ کراچی سندھ کا مالی، انتظامی اور سیاسی دارالحکومت ہے، لیکن یہاں عوام کو ان کے بنیادی حقوق تک میسر نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ "اگر کراچی چلتا ہے تو پاکستان چلتا ہے، لیکن اس شہر سے حکمرانوں کا کوئی لینا دینا نظر نہیں آتا۔”

انہوں نے سوال اٹھایا کہ میئر کراچی خود کہہ رہے ہیں کہ ٹاؤنز ان کی ذمہ داری نہیں، تو پھر ان کے دائرۂ اختیار میں کیا آتا ہے؟ "چند گلیاں اور پارک ہی کیا تمہاری ذمہ داری ہے؟” انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کی جانیں سڑکوں پر کنٹینرز اور ڈمپرز کی نذر ہو رہی ہیں اور کوئی پرسان حال نہیں۔

فاروق ستار نے گرین لائن منصوبے کی تکمیل کا کریڈٹ ایم کیو ایم کو دیا اور کے فور منصوبے کی ناکامی کا الزام سندھ حکومت پر عائد کرتے ہوئے کہا کہ 14 سال میں حکومت نے اس کا ڈیزائن بھی درست نہ کر سکی۔

انہوں نے شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کراچی کو اپنانے کے لیے تیار نہیں، شہادتوں پر تعزیت کے الفاظ تک نہیں آتے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ حکومت کا رویہ صوبے میں تقسیم کی بنیاد ڈال سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس میں موجود کچھ کالی بھیڑیں جرائم پیشہ عناصر کی سرپرستی کر رہی ہیں، اور متاثرہ خاندانوں کو انصاف کے لیے کئی گھنٹے تھانوں میں بیٹھنا پڑتا ہے۔

فاروق ستار کا کہنا تھا کہ کراچی کے عوام کو مسلسل دیوار سے لگایا جا رہا ہے، اگر صورتحال یہی رہی تو مایوسی مزید بڑھے گی اور اس کے نتائج خطرناک ہو سکتے ہیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter