وفاقی وزیر داخلہ نے ایف سی ہیڈکوارٹر بلوچستان نارتھ کا دورہ کیا، شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا، فورس کی قربانیوں کو سراہا۔
کوئٹہ: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے فرنٹیئر کور بلوچستان نارتھ کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا اور اس موقع پر ایف سی کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قیامِ امن کے لیے ایف سی بلوچستان نارتھ کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ فورس ملک کے دفاع میں ایک مضبوط ستون کی حیثیت رکھتی ہے، جس نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا۔
ہیڈکوارٹر پہنچنے پر ایف سی کے چاک و چوبند دستے نے وفاقی وزیر داخلہ کو سلامی پیش کی، جبکہ آئی جی ایف سی بلوچستان نارتھ میجر جنرل عابد مظہر نے محسن نقوی کو افسران سے متعارف کرایا۔ اس موقع پر محسن نقوی نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی۔
وزیر داخلہ نے ایف سی کی پیشہ ورانہ تربیت، مہارت اور امن کے قیام میں کردار سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی لی۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ بلوچستان میں امن کے قیام میں ایف سی کا کردار مثالی ہے اور فورس نے ہر موقع پر مادرِ وطن کے تحفظ کو اپنی اولین ترجیح بنایا۔
"فتنہ فتنہ الہندوستان” کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے میں ایف سی کے افسران اور جوانوں نے جو کردار ادا کیا، وہ تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔
محسن نقوی نے فرنٹیئر کور کے جذبے، بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ قوم کو اپنے ان سپوتوں پر ناز ہے جو دن رات ملک کی سلامتی اور عوام کے تحفظ کے لیے مصروفِ عمل ہیں۔