اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کا ترنول میں بڑا چھاپہ، 25 من گدھے کا گوشت برآمد، غیر ملکی شہری گرفتار، مقدمہ درج، تحقیقات جاری
اسلام آباد، لاہور کے بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی گدھے کے گوشت کی بڑی کھیپ پکڑی گئی ہے۔
اسلام آباد فوڈ اتھارٹی نے ترنول کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے پچاس سے زائد گدھوں اور 25 من سے زائد تیار گوشت کو قبضے میں لے لیا۔ چھاپے کے دوران فوڈ اتھارٹی کی ٹیم کے ہمراہ ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر طاہرہ صدیق بھی موقع پر موجود تھیں۔
فوڈ اتھارٹی کی جانب سے گوشت کو فوری طور پر تلف کرنے کا عمل جاری ہے، جبکہ ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کے احکامات دیے گئے ہیں۔
ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی نے متعلقہ تھانے کو ہدایت کی ہے کہ ملزمان کے خلاف فوری طور پر مقدمہ درج کیا جائے تاکہ انسانی صحت سے کھیلنے والوں کو قانون کے شکنجے میں لایا جا سکے۔
کارروائی کے دوران موقع پر موجود ایک غیر ملکی شہری کو حراست میں لے کر پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے، جس سے تفتیش جاری ہے کہ آیا گوشت کس مقصد کے لیے استعمال ہونا تھا اور کن علاقوں میں اس کی سپلائی ہو چکی ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر طاہرہ صدیق کے مطابق خدشہ ہے کہ گوشت غیر ملکی شہریوں کی خوراک کے لیے بھی استعمال کیا جا رہا تھا، جس کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہریوں کو محفوظ اور معیاری غذا کی فراہمی کے لیے فوڈ اتھارٹی دن رات کوشاں ہے اور اس طرح کے جرائم میں ملوث عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔