گروپ اے میں پاکستان، بھارت، متحدہ عرب امارات اور عمان شامل ہیں، جبکہ گروپ بی میں بنگلا دیش، سری لنکا، افغانستان اور ہانگ کانگ کو رکھا گیا ہے۔
ایشیا کپ کا افتتاحی میچ 9 ستمبر کو افغانستان اور ہانگ کانگ کے درمیان کھیلا جائے گا، جبکہ پاکستان اپنا پہلا میچ 12 ستمبر کو عمان کے خلاف کھیلے گا۔ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان گروپ میچ 14 ستمبر کو شیڈول ہے، جو ایونٹ کا سب سے بڑا مقابلہ تصور کیا جا رہا ہے۔ پاکستان اپنا تیسرا گروپ میچ 17 ستمبر کو متحدہ عرب امارات کے خلاف کھیلے گا۔
سپر فور مرحلہ 20 ستمبر سے شروع ہوگا، جس میں کوالیفائی کرنے والی چار ٹیمیں آپس میں مقابلہ کریں گی۔
اس مرحلے کے میچز کچھ اس طرح ہوں گے:
20 ستمبر کو بی ون اور بی ٹو،
21 ستمبر کو اے ون اور اے ٹو،
23 ستمبر کو اے ٹو اور بی ون،
24 ستمبر کو اے ون اور بی ٹو،
25 ستمبر کو اے ٹو اور بی ٹو،
26 ستمبر کو اے ون اور بی ون کے درمیان میچ ہوگا۔
ایشیا کپ کا فائنل اتوار 28 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔
ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اعلان کیا کہ ایشیا کپ کی میزبانی متحدہ عرب امارات کرے گا، اور انہیں اس ایونٹ کے شیڈول کے اعلان پر خوشی ہے۔