حوالہ ہنڈی میں ملوث 9 افراد گرفتار، بھاری کرنسی برآمد

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

پشاور میں وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے حوالہ ہنڈی کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث نیٹ ورک کو بے نقاب کر دیا ہے۔

latest urdu news

ایف آئی اے پشاور زون نے ڈائریکٹر جنرل رفعت مختار راجہ کی ہدایات پر پشاور، نوشہرہ، مردان اور لوئر دیر کے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر 9 افراد کو گرفتار کر لیا ہے، جو غیر قانونی کرنسی ایکسچینج اور حوالہ ہنڈی کے دھندے میں ملوث تھے۔

گرفتار ہونے والے افراد میں محمد حمزہ خان، محمد یٰسین، امداد اللہ، دانش جمیل، موصم، محمد ابرار، ذاکر علی، محمد علی اور حق نواز شامل ہیں۔ ایف آئی اے کے مطابق کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے بڑی مقدار میں ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد ہوئی ہے، جن میں 34 لاکھ 60 ہزار پاکستانی روپے کے ساتھ ساتھ 9300 سعودی ریال، 500 اماراتی درہم، 1250 قطری ریال اور 750 افغانی شامل ہیں۔

ایف آئی اے ترجمان کے مطابق چھاپوں کے دوران ملزمان سے حوالہ ہنڈی سے متعلق رسیدیں، ریکارڈ اور دیگر شواہد بھی برآمد کیے گئے ہیں، جو ان کے غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے ناقابل تردید ثبوت ہیں۔

گرفتار ملزمان بغیر کسی لائسنس یا قانونی اجازت نامے کے کرنسی ایکسچینج کا غیر قانونی کاروبار چلا رہے تھے اور بیرون ملک سے رقوم حوالہ ہنڈی کے ذریعے منتقل کر رہے تھے۔

حکام نے بتایا کہ گرفتار افراد سے تفتیش شروع کر دی گئی ہے اور توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ دورانِ تفتیش مزید اہم انکشافات اور نیٹ ورک کے دیگر کارندوں تک رسائی ممکن ہو سکے گی۔

 

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter