ایڈیشنل سیشن جج کھاریاں نے منشیات فروشہ نسیم اختر عرف کبی پٹھانی کو 20 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی۔
کھاریاں سے تعلق رکھنے والی بدنام زمانہ منشیات فروشہ خاتون نسیم اختر عرف کبی پٹھانی کو عدالت نے 20 سال قید کی سزا سنادی ہے۔
ایڈیشنل سیشن جج کھاریاں محمد اویس کی عدالت نے جرم ثابت ہونے پر یہ فیصلہ سناتے ہوئے ملزمہ پر 10 لاکھ روپے کا بھاری جرمانہ بھی عائد کیا۔ کبی پٹھانی پر الزامات تھے کہ وہ ایک طویل عرصے سے کھاریاں اور گرد و نواح میں منشیات کی فروخت میں ملوث تھی، اور اس کے خلاف کئی بار شکایات سامنے آچکی تھیں۔
مقامی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کیا، اور عدالت میں شواہد اور گواہوں کی روشنی میں جرم ثابت ہونے پر سزا سنائی گئی۔ کبی پٹھانی کے خلاف یہ فیصلہ عوامی دباؤ اور منشیات کے خلاف جاری مہم کا نتیجہ سمجھا جا رہا ہے۔ شہریوں نے عدالت کے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اُمید ظاہر کی ہے کہ اس سے علاقے میں منشیات فروش عناصر کو سخت پیغام ملے گا۔