واشنگٹن، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے واشنگٹن میں ملاقات کی، جس میں مسئلہ کشمیر، دوطرفہ تجارت، انسداد دہشتگردی اور علاقائی و عالمی امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
ملاقات امریکی محکمہ خارجہ میں ہوئی اور تقریباً 40 منٹ جاری رہی، جسے اسحاق ڈار نے "بہت اچھی میٹنگ” قرار دیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے پاک-امریکا طویل المدت شراکت داری مضبوط بنانے، اقتصادی و تجارتی تعلقات کو فروغ دینے اور سکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ اسحاق ڈار نے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی اُمنگوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے ایران، افغانستان اور غزہ کی صورتحال پر بھی بات چیت کی۔ اسحاق ڈار نے امریکی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ حالیہ پاک-بھارت جنگ بندی میں امریکا کا تعمیری کردار قابل تحسین ہے۔
وزیر خارجہ نے انسداد دہشتگردی میں پاکستان کی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی سے نمٹنے کے لیے پاکستان ہر اول دستے کا کردار ادا کر رہا ہے اور امریکا کے ساتھ تعاون سے خطے میں امن و استحکام آئے گا۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بھی دوطرفہ تجارت، کم یاب معدنیات، انسداد دہشتگردی اور علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کے اقدامات کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ اگست میں اسلام آباد میں انسداد دہشتگردی ڈائیلاگ منعقد ہوگا۔
اس ملاقات کے بعد اسحاق ڈار نیویارک روانہ ہوگئے، جہاں وہ فلسطین سے متعلق سعودی عرب و فرانس کی مشترکہ کانفرنس میں شرکت کریں گے۔