خیبرپختونخوا کے حسین سیاحتی مقام وادیٔ کاغان میں جھیل سیف الملوک کی جانب جانے والی سڑک پر اچانک شدید بارش اور کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں مٹی اور پتھروں کا بڑا تودہ گر گیا، جس کے باعث سڑک بند ہو گئی اور تقریباً 500 سیاح راستے میں پھنس گئے۔
متاثرہ مقام پر 117 سے زیادہ جیپس بھی ملبے تلے رک گئیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کرنے کی ہدایت کی، جس پر کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی ٹیموں نے تیزی سے امدادی سرگرمیاں انجام دیں اور تمام پھنسے ہوئے سیاحوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔
سیکرٹری سیاحت عبدالصمد نے اس موقع پر بتایا کہ خیبرپختونخوا حکومت سیاحوں کی سلامتی کو اولین ترجیح دیتی ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سفر کے دوران موسمی حالات سے باخبر رہیں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر ہیلپ لائن 1422 پر رابطہ کریں۔
ادھر محکمہ موسمیات نے صوبے میں مون سون کے پانچویں مرحلے کا انتباہ جاری کرتے ہوئے شدید بارشوں، لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کے خدشے کا اظہار کیا ہے۔ اگلے 24 گھنٹوں میں خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں خصوصاً دیر، سوات، مالاکنڈ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور جنوبی وزیرستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
گزشتہ روز ایبٹ آباد، سوات اور نوشہرہ میں بارش ریکارڈ کی گئی، جہاں کاکول میں 13 ملی میٹر، چراٹ میں 9 ملی میٹر اور کالام میں 3 ملی میٹر بارش ہوئی۔ پشاور میں درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، جب کہ مالم جبہ اور کالام میں موسم نسبتاً ٹھنڈا رہا۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں اور سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر متوقع موسمی صورتحال کے پیش نظر محتاط رہیں اور محفوظ سفر کے لیے پیشگی اقدامات کریں۔