پنجاب حکومت نے زراعت کے شعبے سے وابستہ نوجوانوں کے لیے ایک شاندار موقع فراہم کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب انٹرن شپ پروگرام کا دوسرا مرحلہ باقاعدہ طور پر شروع ہو گیا ہے، جس کے تحت منتخب نوجوان گریجویٹس کو ہر ماہ 60 ہزار روپے وظیفہ (اسکالرشپ) دیا جائے گا۔
یہ پروگرام ان نوجوانوں کے لیے مخصوص ہے جنہوں نے بی ایس سی ایگریکلچر یا بی ایس سی (آنرز) ایگریکلچرل انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کی ہو۔ اس مرحلے میں صوبے بھر سے 2 ہزار اہل امیدواروں کو انٹرن شپ کا موقع دیا جا رہا ہے۔
درخواست دینے کے لیے امیدواروں کو اپنے متعلقہ ضلع کے ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت کے دفتر میں درخواست جمع کرانا ہو گی۔ مزید معلومات اور راہنمائی کے لیے ایگری کلچر ہیلپ لائن 0800-17000 بھی دستیاب ہے۔
ہر ضلع کے لیے انٹرن شپ کا مخصوص کوٹہ رکھا گیا ہے تاکہ مواقع کی مساوی تقسیم یقینی بنائی جا سکے۔ یہ انٹرن شپ نہ صرف نوجوانوں کو مالی معاونت فراہم کرے گی بلکہ انہیں عملی تجربہ بھی حاصل ہو گا، جو مستقبل میں ان کے کیریئر کے لیے مفید ثابت ہو گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اس پروگرام کو کسانوں اور نوجوانوں دونوں کے لیے ایک کامیاب اقدام قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کسان کارڈ، گرین ٹریکٹر اسکیم اور ٹیوب ویل سولرائزیشن جیسے منصوبے صوبے میں زراعت کو جدید خطوط پر استوار کر رہے ہیں۔ اب ان اقدامات کے ساتھ نوجوانوں کے لیے باعزت روزگار کے مواقع بھی پیدا کیے جا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت ماڈل ایگریکلچر مال بھی متعارف کروا رہی ہے، جہاں کاشتکاروں کو تمام ضروری سہولیات ایک ہی چھت تلے دستیاب ہوں گی۔