اداکارہ ہانیہ عامر اور نوجوان گلوکار و اداکار عاشر وجاہت کی گہری دوستی ایک وقت تک خبروں کی زینت بنی رہی، لیکن حالیہ برسوں میں دونوں کی سوشل میڈیا پر ایک دوسرے سے غیرموجودگی نے مداحوں کو تجسس میں مبتلا کر دیا ہے۔
مداحوں نے سوال اٹھایا کہ کیا ایک متنازع ویڈیو کے بعد دونوں کے درمیان دوری آ چکی ہے؟ اس کا جواب خود عاشر وجاہت نے ایک حالیہ پوڈکاسٹ انٹرویو میں دے دیا۔
عاشر نے واضح کیا کہ ان کا اپنے قریبی دوستوں، بشمول ہانیہ عامر، سے تعلق اب بھی قائم ہے، تاہم وہ ان لمحات کو اب سوشل میڈیا پر شیئر نہیں کرتے۔
"ایک سینئر اداکار نے مجھے مشورہ دیا تھا کہ مشہور لوگوں کے ساتھ نظر آنے کے بجائے اپنے کام اور صلاحیت پر توجہ دو۔ یہ مشورہ میرے لیے بہت کارآمد ثابت ہوا،” عاشر نے بتایا۔
یاد رہے کہ جون 2021 میں ایک ویڈیو منظرِ عام پر آئی تھی، جس میں ہانیہ عامر، عاشر وجاہت اور نائل وجاہت کو ایک کمرے میں بظاہر بے تکلف انداز میں دیکھا گیا۔ ویڈیو میں وہ ایک گانے پر لپ سنک کرتے دکھائی دیے۔ اس انداز کو سوشل میڈیا صارفین نے غیرمناسب قرار دیا، اور ویڈیو کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
اس تنازعے کے بعد دونوں فنکاروں نے نہ صرف سوشل میڈیا پر ایک دوسرے کے ساتھ پوسٹس بند کر دیں بلکہ عوامی طور پر بھی کم نظر آئے، جس نے قیاس آرائیوں کو جنم دیا کہ شاید ان کی دوستی ختم ہو چکی ہے۔
تاہم عاشر نے اپنی وضاحت میں ان افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا: "میری ان تمام دوستوں سے دوستی برقرار ہے، بس ہم نے اپنی نجی زندگی کو عوامی نہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔”
عاشر وجاہت، جو اداکار و ہدایتکار وجاہت رؤف کے صاحبزادے ہیں، حالیہ برسوں میں گلوکاری اور اداکاری میں اپنی پہچان قائم کر چکے ہیں۔ ان کے کئی گانے اور پروجیکٹس نوجوانوں میں خاصے مقبول ہو چکے ہیں۔