پنجاب میں گھر بیٹھے پراپرٹی رجسٹری حاصل کرنے کی سہولت فعال

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

پنجاب حکومت نے زمین سے متعلقہ خدمات کو ڈیجیٹل اور آسان بنانے کے لیے ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے شہریوں کو گھر بیٹھے پراپرٹی کی رجسٹری آن لائن حاصل کرنے کی سہولت دے دی ہے۔

پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی (PLRA) نے "پنجاب اربن لینڈ سسٹمز انہانسمنٹ (PLUS)” پروگرام کے تحت "ریکارڈ آف ڈیڈز (ROD)” کے نام سے ایک جدید آن لائن پورٹل لانچ کیا ہے، جس کے ذریعے شہری اپنی پراپرٹی کی اسکین شدہ رجسٹری دستاویزات بآسانی دیکھ اور ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔

latest urdu news

اس سسٹم کا مقصد زمین سے متعلقہ امور میں شفافیت، رفتار اور عوامی سہولت کو یقینی بنانا ہے۔ پہلے شہریوں کو اپنی رجسٹری حاصل کرنے کے لیے متعلقہ سب رجسٹرار کے دفتر کے بار بار چکر لگانے پڑتے تھے، لیکن اب یہ عمل مکمل طور پر آن لائن کر دیا گیا ہے۔ شہری صرف ایک ویب سائٹ پر جا کر چند معلومات درج کر کے اپنی پراپرٹی کی رجسٹری حاصل کر سکتے ہیں۔

اس مقصد کے لیے شہریوں کو https://rod.pulse.gop.pk پر جانا ہو گا، جہاں وہ ضلع، تحصیل، سب رجسٹرار دفتر، تاریخ یا رجسٹری نمبر کے ذریعے مطلوبہ دستاویز تلاش کر سکتے ہیں۔ سسٹم میں دستیاب رجسٹریز اسکین شدہ PDF فائلز کی صورت میں موجود ہیں جنہیں براہِ راست ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔

یہ اقدام نہ صرف زمین کے معاملات میں شفافیت اور بدعنوانی کے خاتمے کی طرف ایک اہم پیش رفت ہے، بلکہ اس سے شہریوں کا قیمتی وقت، پیسہ اور محنت بھی محفوظ ہو گی۔

پنجاب حکومت کا یہ اقدام صوبے میں ڈیجیٹل گورننس کے فروغ اور عوامی خدمات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی بہترین مثال ہے۔ اگر کسی شہری کو اپنی رجسٹری آن لائن نہ ملے تو وہ متعلقہ سب رجسٹرار دفتر سے رابطہ کر سکتا ہے تاکہ اسے سسٹم میں شامل کیا جا سکے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter