مون سون کے خوشگوار موسم میں شمالی علاقہ جات کی سیر کو آنے والے ایک سیاح کو ہنزہ کی خوبصورتی پر "اپنا نشان” چھوڑنا مہنگا پڑ گیا۔
سیاح نے سڑک کنارے واقع ایک صاف ستھری دیوار پر اسپرے پینٹ سے اپنا نام تحریر کیا، مگر یہ حرکت مقامی افراد کی نظروں سے چھپی نہ رہ سکی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سیاح کو دیوار پر اسپرے کرتے ہوئے موقع پر ہی رنگے ہاتھوں پکڑا گیا، جس کے بعد مقامی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے موقع پر پہنچ کر مداخلت کی۔
پولیس نے سیاح کو نہ صرف دیوار کو صاف کرنے پر مجبور کیا بلکہ عوامی سطح پر معذرت کرنے کا بھی حکم دیا۔ ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ سیاح اپنی حرکت پر شرمندگی کا اظہار کرتے ہوئے معافی مانگ رہا ہے۔
یہ ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تیزی سے پھیل گئی ہے جہاں صارفین نے حکومت اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان کے قدرتی مناظر، تاریخی مقامات اور ثقافتی ورثے کی حفاظت کے لیے مؤثر اور سخت قانون سازی کی جائے۔
متعدد صارفین کا کہنا تھا کہ ایسے غیر ذمّے دارانہ رویّوں سے نہ صرف ماحول متاثر ہوتا ہے بلکہ بین الاقوامی سطح پر ملک کی ساکھ کو بھی نقصان پہنچتا ہے۔