مون سون بارشوں کے باعث ممکنہ سیلابی خطرات کے پیش نظر ریسکیو 1122 گجرات نے ضلع بھر میں ہنگامی اقدامات مکمل کر لیے ہیں۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر عمر اکبر گھمن کے مطابق، دریائے چناب، دریائے جہلم اور دریائے توی سے متصل نشیبی اور حساس علاقوں میں ریسکیو ٹیموں کو مکمل طور پر الرٹ کر دیا گیا ہے، اور امدادی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق، تمام ٹیمیں مکمل تربیت یافتہ ہیں اور جدید ریسکیو آلات سے لیس ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت اور مؤثر کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔ ضلع کو پانچ سیکٹرز میں تقسیم کر دیا گیا ہے، جن میں سرخ پور، کوٹ غلام، سما، کورٹ نتھو اور کھدریالہ شامل ہیں، جہاں دریاؤں کے قریب مستقل نگرانی کی جا رہی ہے۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے مزید بتایا کہ تمام ٹیمیں 24 گھنٹے الرٹ ہیں اور فیلڈ میں موجود رہیں گی تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتِ حال میں فوری ریسپانس ممکن بنایا جا سکے۔ شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ سیلاب کے خطرات کو سنجیدہ لیں اور ضلعی انتظامیہ و ریسکیو 1122 کی ہدایات پر مکمل عمل کریں۔
سیلابی خطرے کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے، جس کے تحت دریاؤں، ندی نالوں اور دیگر خطرناک مقامات کے قریب جانے یا نہانے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ریسکیو 1122 کی جانب سے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں، خطرناک علاقوں کے قریب نہ جائیں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر 1122 پر رابطہ کریں۔
ریسکیو 1122 گجرات نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ ہر ممکن وسائل بروئے کار لا کر عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے گی۔