اے این ایف کی بڑی کارروائیاں: 24 کروڑ کی منشیات ضبط، 7 گرفتار

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اے این ایف کی بڑی کارروائیاں: لاہور، اسلام آباد، پشاور، مانسہرہ، مظفرگڑھ اور لورالائی سے 255.2 کلوگرام منشیات برآمد

کراچی: اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر 255.200 کلوگرام منشیات برآمد کر لی ہیں، جن کی مالیت عالمی منڈی میں تقریباً 24 کروڑ 65 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔

latest urdu news

ترجمان اے این ایف کے مطابق چھ مختلف کارروائیوں میں 7 ملزمان کو گرفتار کر کے انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

کارروائیوں کی تفصیل کے مطابق، علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور کے کارگو شیڈ سے کینیڈا بھجوائے جانے والے ایک پارسل سے 300 گرام افیون برآمد ہوئی۔ بس ٹرمینل اسلام آباد کے قریب تین افراد سے 2.5 کلو ہیروئن، 2.4 کلو چرس اور ایک کلو آئس برآمد کی گئی۔

یونیورسٹی روڈ پشاور پر ایک گاڑی سے 56 کلو چرس، جبکہ مانسہرہ کے ٹول پلازہ روڈ پر ایک گاڑی سے 18 کلو چرس پکڑی گئی۔ مظفرگڑھ کے علاقے گڑھ موڑ روڈ پر ایک ٹرک سے دو ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 7 کلو آئس برآمد کی گئی۔ سب سے بڑی کارروائی بلوچستان کے علاقے لورالائی میں ہوئی، جہاں ڈی جی خان روڈ کے قریب چھپائی گئی 168 کلو ہیروئن قبضے میں لی گئی۔

ترجمان اے این ایف کا کہنا ہے کہ تمام کارروائیاں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر عمل میں لائی گئیں اور منشیات فروشوں کے خلاف سخت قانونی اقدامات جاری رہیں گے۔

یاد رہے کہ پاکستان میں منشیات کی روک تھام کے لیے اے این ایف ملک گیر سطح پر مسلسل کارروائیاں کر رہی ہے، اور اس سے قبل بھی مختلف بین الاقوامی نیٹ ورکس کو بے نقاب کر کے بڑی مقدار میں منشیات برآمد کی جا چکی ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter