بینک فراڈ کیس میں نادیہ حسین کے شوہر عاطف خان کی ضمانت کی درخواست پر سماعت، وکیل کی عدم دستیابی کے باعث ملتوی کر دی گئی۔
کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے 53 کروڑ روپے سے زائد کے بینک فراڈ کیس میں گرفتار اداکارہ و ماڈل نادیہ حسین کے شوہر عاطف خان اور دیگر ملزمان کی درخواستِ ضمانت پر سماعت 13 اگست تک ملتوی کر دی۔
جسٹس محمود اے خان کی سربراہی میں بینچ نے کیس کی سماعت کی، جہاں جونیئر وکیل نے عدالت کو بتایا کہ مرکزی وکیل کی طبیعت ناساز ہے، اس لیے سماعت ملتوی کی جائے۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ تینوں ملزمان کی درخواست ضمانت ایک ساتھ سنی جائے گی، جس کے بعد کارروائی آئندہ تاریخ تک مؤخر کر دی گئی۔
واضح رہے کہ ملزم عاطف خان اس وقت جیل میں ہیں، جبکہ دیگر دو ملزمان، امتیاز اور فیصل، عدالت کے احاطے سے فرار ہو گئے تھے، تاہم بعد ازاں انہوں نے گرفتاری سے بچنے کے لیے سندھ ہائیکورٹ سے ضمانت حاصل کر لی تھی۔
یاد رہے کہ کیس میں نجی کمپنی کے ذریعے کروڑوں روپے کی مالیاتی دھوکہ دہی کا الزام ہے، جس کی تحقیقات جاری ہیں۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر تمام فریقین کو پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔