بھارتی انفلوئنسر عرفی جاوید نے سوجے ہوئے ہونٹوں کے ساتھ ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ پرانے لپ فلرز ختم کرواتے دکھائی دے رہی ہیں
ممبئی: سوشل میڈیا پر متنازع فیشن اور بے باک بیانات سے مشہور بھارتی انفلوئنسر عرفی جاوید نے ایک نئی ویڈیو شیئر کر کے مداحوں کو حیرت میں ڈال دیا۔
انسٹاگرام پر جاری کردہ ویڈیو میں عرفی جاوید کو انجیکشنز کے ذریعے اپنے پرانے لپ فلرز تحلیل کرواتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، اور ویڈیو کے آخر میں ان کا چہرہ، خاص طور پر ہونٹوں کا حصہ، سوجا ہوا دکھائی دیتا ہے۔
عرفی جاوید نے کیپشن میں لکھا کہ "نہیں، یہ کوئی فلٹر نہیں ہے۔ میں نے اپنے فلرز ختم کروانے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ وہ غلط جگہ پر تھے۔” انہوں نے وضاحت کی کہ وہ دوبارہ فلرز لگوانے کا ارادہ رکھتی ہیں، لیکن اس بار زیادہ قدرتی انداز میں اور کسی ماہر ڈاکٹر کے ذریعے۔
ان کا کہنا تھا کہ لپ فلرز جیسے حساس عمل کے لیے کسی قابلِ اعتماد اور تجربہ کار ڈاکٹر کا انتخاب ضروری ہے۔ ویڈیو میں عرفی نے اعتراف کیا کہ یہ عمل انتہائی تکلیف دہ تھا، لیکن وہ اپنی غلطی تسلیم کر کے اسے درست کر رہی ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ عرفی جاوید کی ویڈیو کو دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین نے ان کی تعریف کی ہے، خاص طور پر اس بات پر کہ انہوں نے حقیقت پر مبنی ویڈیو شیئر کی اور بغیر کسی جھجھک کے اپنی سابقہ غلطی کا اعتراف کیا۔ کئی صارفین نے انہیں "بااعتماد” اور "اصلی” قرار دیا، جبکہ کچھ نے ان کے اس قدم کو دوسروں کے لیے ایک مثبت مثال بھی کہا۔
یاد رہے کہ عرفی جاوید اکثر اپنے منفرد لباس اور کھلے بیانات کی وجہ سے میڈیا اور سوشل پلیٹ فارمز پر موضوعِ بحث بنی رہتی ہیں، اور ان کی ہر نئی پوسٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہو جاتی ہے۔ یہ نئی ویڈیو بھی ان کے فالوورز میں خاصی توجہ حاصل کر رہی ہے۔