گورنر سلیم حیدر کا چکوال میں گفتگو کرتے ہوئے آفت زدہ قرار دینے اور نقصانات کے ازالے کا اعلان
چکوال: گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کا چکوال اور جہلم کو آفت زدہ قرار دینے کا مطالبہ بالکل جائز اور بروقت ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ وہ خود پنجاب حکومت سے بات کرکے چکوال کو آفت زدہ قرار دلوائیں گے تاکہ عوام کی مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔ گورنر نے کہا کہ بارشوں سے ہونے والے مالی و جانی نقصان کے ازالے کے لیے نہ صرف پنجاب حکومت اپنا کردار ادا کرے گی بلکہ گورنر آفس بھی اس عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے گا۔
چکوال میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے سردار سلیم حیدر نے مزید بتایا کہ بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں نقصانات کے درست اندازے کے لیے باقاعدہ سروے شروع کیا جا چکا ہے۔ اس سروے کی روشنی میں امدادی اقدامات کا فیصلہ کیا جائے گا تاکہ حقیقی مستحقین تک مدد پہنچائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ چکوال میں گزشتہ دنوں ریکارڈ 450 ملی میٹر بارش ہوئی، جس کے نتیجے میں نہ صرف گھروں کو نقصان پہنچا بلکہ سڑکیں، فصلیں اور دیگر بنیادی ڈھانچے بھی بری طرح متاثر ہوئے۔
گورنر پنجاب نے مقامی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ بحالی اور امدادی سرگرمیوں کو فوری اور مؤثر انداز میں انجام دیا جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کم ہو سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کی فلاح کے لیے ہر سطح پر کام ہو رہا ہے اور اس موقع پر سیاست نہیں بلکہ خدمت اولین ترجیح ہونی چاہیے۔