ہائی وے پر خوفناک حادثہ، 9 افراد ہلاک

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

مغربی ایکوایڈور میں ایس یو وی اور پک اپ ٹرک کے درمیان تصادم، ہلاک شدگان میں دو بچے بھی شامل، ابتدائی تحقیقات میں لین کی خلاف ورزی کو سبب قرار دیا جا رہا ہے۔

جنوبی امریکی ملک ایکوایڈور کے مغربی علاقے میں مانٹا اور مانٹیکریسٹی کے درمیان ہائی وے پر علی الصبح پیش آنے والے ایک ہولناک ٹریفک حادثے میں کم از کم 9 افراد جاں بحق اور 2 شدید زخمی ہو گئے۔ حادثہ صبح تقریباً 5 بجے اس وقت پیش آیا جب ایک ایس یو وی اور پک اپ ٹرک آمنے سامنے آکر بری طرح ٹکرا گئیں۔

latest urdu news

مقامی ٹریفک حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ حادثہ ممکنہ طور پر لین کی خلاف ورزی کے باعث پیش آیا۔ ٹریفک کمیشن کے افسر خوان کارلوس مارٹیلو کا کہنا ہے کہ ہلاک شدگان کی تعداد سے اندازہ ہوتا ہے کہ شاید ایک گاڑی میں ضرورت سے زیادہ مسافر سوار تھے، جس سے حادثے کی شدت میں اضافہ ہوا۔

جاں بحق افراد میں دو کمسن بچے بھی شامل ہیں، جن کی عمریں 6 اور 11 سال بتائی جا رہی ہیں۔ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ان کی حالت تشویشناک ہے۔

واضح رہے کہ ایکوایڈور میں سڑک حادثات اموات کی بڑی وجوہات میں سے ایک ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جنوری سے مئی 2025 کے دوران ملک بھر میں 4,756 ٹریفک حادثات رپورٹ ہوئے، جن میں 565 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ گزشتہ سال 2024 میں 2,300 سے زائد افراد ٹریفک حادثات میں ہلاک ہوئے، جن میں ایک تہائی سے زیادہ اموات ڈرائیور کی لاپرواہی یا ناتجربہ کاری کے باعث ہوئیں۔

یہ افسوسناک واقعہ مانٹیکریسٹی کے قریب پیش آیا، جو دنیا بھر میں اپنے روایتی "پاناما ہیٹ” کی تیاری کے لیے مشہور ہے۔ حادثے نے نہ صرف مقامی آبادی کو شدید صدمے سے دوچار کیا بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی تشویش پیدا کر دی ہے۔

یاد رہے کہ ایکوایڈور میں مسلسل بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات حکام کے لیے ایک لمحۂ فکریہ بن چکے ہیں، اور ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد اور ڈرائیوروں کی مؤثر تربیت جیسے اقدامات کی فوری ضرورت ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter