شاہد آفریدی کا انکشاف: یوراج سنگھ پاکستان کے خلاف کھیلنا چاہتے تھے

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

سابق پاکستانی کپتان شاہد آفریدی نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت کے سابق اسٹار آل راؤنڈر یوراج سنگھ انگلینڈ میں شیڈول نمائشی میچ میں پاکستان کے خلاف کھیلنے کے خواہشمند تھے، تاہم چند بھارتی کھلاڑیوں کی ضد اور ذاتی انا کے باعث میچ منسوخ کر دیا گیا۔

یہ نمائشی میچ برطانیہ کے شہر لیسٹر میں کھیلا جانا تھا، جس میں پاکستان اور بھارت کے سابق کرکٹرز کو شرکت کرنا تھی۔ میچ کے تمام 17 ہزار ٹکٹ فروخت ہو چکے تھے اور شائقین نے بھرپور تیاری کر رکھی تھی، تاہم بھارتی کھلاڑیوں کی جانب سے اچانک بائیکاٹ کے اعلان کے بعد منتظمین کو آخری لمحے میں میچ منسوخ کرنا پڑا۔

latest urdu news

شاہد آفریدی نے ایک انٹرویو میں بتایا، "یوراج سنگھ ہمارے ساتھ کھیلنے کے لیے تیار تھے۔ انہوں نے خود تصدیق کی کہ وہ پاکستان کے خلاف میدان میں اترنا چاہتے تھے، لیکن چند بھارتی کھلاڑیوں نے ذاتی انا اور غیر ضروری سیاست کی بنیاد پر کھیلنے سے انکار کر دیا۔”

آفریدی نے مزید کہا کہ یوراج سنگھ اس صورتحال پر سخت نالاں ہیں اور انہوں نے کچھ بھارتی کھلاڑیوں کو "خراب انڈے” قرار دیا جو صرف تنازع کھڑا کرنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کھیل کو نفرت کا ذریعہ نہیں بلکہ دوستی، امن اور بھائی چارے کا پیغام بننا چاہیے۔

آفریدی کو ٹیم میں شامل کرنے پر بھارتی لیجنڈز کا کھیلنے سے انکار، پاک بھارت میچ منسوخ

میچ کی منسوخی سے نہ صرف ہزاروں شائقین مایوس ہوئے بلکہ منتظمین کو بھی مالی اور انتظامی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ سوشل میڈیا پر شائقین نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ کھیل کو سیاست سے الگ رکھا جائے۔

یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ تعلقات گزشتہ کئی برسوں سے تعطل کا شکار ہیں، اور دونوں ٹیمیں صرف آئی سی سی ایونٹس یا نمائشی مقابلوں میں ہی آمنے سامنے آتی ہیں، جس کے باعث شائقین ہر ممکن موقع پر دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ دیکھنے کے لیے پُرجوش رہتے ہیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter