خیبرپختونخوا: سینیٹ انتخابات سے قبل چار ناراض امیدواروں کی دستبرداری

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

پشاور میں سینیٹ انتخابات کے حوالے سے سیاسی صورتحال نے اچانک غیر معمولی رخ اختیار کر لیا ہے، جہاں چار ناراض امیدواروں نے انتخابی دوڑ سے اچانک دستبرداری کا اعلان کر دیا۔ ان امیدواروں میں عائشہ بانو، وقاص اورکزئی، ارشاد حسین اور عرفان سلیم شامل ہیں، جنہوں نے دیر رات اپنے فیصلے کا اعلان کیا۔ ان اعلانات کے دوران کئی جذباتی مناظر دیکھنے کو ملے، خاص طور پر عرفان سلیم اور عائشہ بانو کے ویڈیو بیانات میں ان کی آنکھوں سے بہتے آنسو اور جذبات کی شدت نمایاں تھی۔

latest urdu news

باوثوق ذرائع کے مطابق پانچویں ناراض امیدوار، خرم ذیشان، ابھی تک انتخابی دوڑ میں شامل ہیں، تاہم حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ بھی پولنگ سے قبل دستبردار ہو سکتے ہیں۔ اگر خرم ذیشان بھی پیچھے ہٹ جاتے ہیں تو باقی تمام امیدواروں کے بلا مقابلہ سینیٹ میں منتخب ہونے کا قوی امکان پیدا ہو جائے گا۔

عائشہ بانو نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ان کا فیصلہ یقیناً مشکل تھا، لیکن یہ ایک اصولی قدم تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر پارٹی آج بھی قائم ہے تو یہ کارکنوں کی قربانیوں اور مسلسل جدوجہد کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے قیادت سے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں بار بار آزمائش میں نہ ڈالا جائے کیونکہ ہم کوئی کمزور جماعت نہیں ہیں جو مفاہمت یا گٹھ جوڑ کا راستہ اپنائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دستبردار ہونے والے تمام امیدواروں کا کوئی ذاتی مفاد نہیں تھا، بلکہ وہ ایک اصولی مؤقف پر قائم تھے۔

کے پی سینیٹ الیکشن: تحریک انصاف کو اندرونی اختلافات کا سامنا، ناراض ارکان نے پیچھے ہٹنے سے انکار کر دیا

دوسری جانب، عرفان سلیم نے بھی ایک ویڈیو بیان جاری کیا، جس میں وہ آبدیدہ نظر آئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف ایک "ٹریلر” ہے اور سمجھنے والوں کے لیے یہی کافی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کارکن ہی کسی بھی سیاسی جماعت کی اصل طاقت ہوتے ہیں، اور انہیں کمزور نہ سمجھا جائے۔

اب تمام نگاہیں خرم ذیشان پر مرکوز ہیں کہ آیا وہ بھی دستبرداری کا فیصلہ کرتے ہیں یا انتخاب میں حصہ لے کر کوئی نیا سیاسی منظرنامہ تشکیل دیتے ہیں۔ خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات آج منعقد ہو رہے ہیں، اور اگر مزید امیدوار بھی دستبردار ہو گئے تو یہ انتخابی عمل بلامقابلہ کامیابی کی طرف بڑھ سکتا ہے، جو سیاسی حلقوں میں ایک بڑی پیش رفت تصور کی جا رہی ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter