قومی ٹیم کے کپتان سلمان آغا کا کہنا ہے کہ ہم نے وقفے وقفے سے وکٹیں گنوائیں، بیٹنگ میں بہتری کی ضرورت ہے۔
ڈھاکہ، پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے بنگلہ دیش کے خلاف شکست کے بعد اپنی ٹیم کی کارکردگی پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ کم اسکور بنانے کی وجہ سے ہمیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے میچ کی شروعات اچھی کی تھی، لیکن وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتے رہے، جس کا ہمیں خمیازہ بھگتنا پڑا۔ ظاہر ہے ہم اس معاملے پر بیٹھ کر بات کریں گے اور اگلے میچ میں بہتری لانے کی کوشش کریں گے۔
سلمان آغا نے کہا کہ بنگلہ دیش میں کھیلنے کے دوران ہمیشہ ایسی ہی پچز کی توقع ہوتی ہے، جہاں بہتر وکٹیں شاذ و نادر ہی دیکھنے کو ملتی ہیں۔ "ہم ان حالات کے لیے تیار تھے، مگر بدقسمتی سے ہم اپنی صلاحیت کے مطابق نہیں کھیل سکے۔ ہمیں سنگلز اور ڈبلز پر زیادہ توجہ دینی چاہیے تھی، یہ ایک واضح خامی ہے جسے ہمیں دور کرنا ہوگا۔”
پاکستان کی بیٹنگ بنگلا دیش کیخلاف بری طرح ناکام، صرف 110 رنز پر ڈھیر
انہوں نے مزید کہا کہ "جہاں تک بولنگ کا تعلق ہے، میں سمجھتا ہوں کہ ہمارے بولرز نے اچھا کام کیا۔ جب آپ صرف 111 رنز کا دفاع کر رہے ہوں تو غلطی کی گنجائش نہیں ہوتی۔ اس کے باوجود ہمارے بولرز نے عمدہ بولنگ کی، مگر اصل مسئلہ بیٹنگ کا ہے، جسے ہمیں اگلے میچ سے پہلے بہتر کرنا ہوگا۔”
یاد رہے کہ پاکستان کو حالیہ میچ میں بنگلہ دیش کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا، جہاں بلے باز بہتر کارکردگی نہ دکھا سکے اور ٹیم صرف 111 رنز ہی بنا سکی، جس کا دفاع ممکن نہ رہا۔