امریکا میں بہادر لڑکی نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 10 فٹ لمبے مگرمچھ کے حملے سے جان بچا لی، شدید زخمی مگر حالت خطرے سے باہر۔
فلوریڈا، امریکی ریاست فلوریڈا میں ایک 15 سالہ بہادر لڑکی نے اپنی حاضر دماغی اور جرأت سے 10 فٹ لمبے مگرمچھ کے حملے سے اپنی جان بچا لی۔ واقعہ والٹن کاؤنٹی میں پیش آیا جہاں سمر ہینوٹ نامی لڑکی پر اچانک مگرمچھ نے حملہ کیا، اسے ٹانگ سے دبوچ کر پانی کے اندر لے گیا، مگر لڑکی نے ہمت نہ ہاری۔ لڑکی کے مطابق جب مگرمچھ نے پہلی بار حملہ کیا تو اس نے زور زور سے اس کے سر پر مکے مارے، جس کے بعد مگرمچھ نے چھوڑ دیا، لیکن چند لمحے بعد دوبارہ اس پر حملہ کر دیا۔
سمر ہینوٹ نے بتایا کہ جب دوسری بار مگرمچھ نے مجھے دبوچا تو میں نے ٹانگ کو زور سے ہلانا شروع کیا، خود کو اس کی گرفت سے آزاد کیا اور تیزی سے تیر کر پانی سے باہر نکل آئی۔
ریسکیو اہلکاروں کے مطابق لڑکی کو شدید زخم آئے ہیں، خاص طور پر ٹانگ پر گہرے زخم ہیں، لیکن خوش قسمتی سے ٹانگ کاٹنے کی نوبت نہیں آئی۔ لڑکی کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اسے طبی امداد دی جا رہی ہے اور اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
یاد رہے کہ امریکا کی جنوبی ریاست فلوریڈا میں مگرمچھوں کی موجودگی عام ہے اور اکثر جھیلوں اور تالابوں کے کنارے ان کے حملوں کے واقعات رپورٹ ہوتے رہتے ہیں، تاہم اس نوعیت کا واقعہ، جس میں ایک کم عمر لڑکی بہادری سے مگرمچھ کا سامنا کرے، نایاب ہے۔