قومی کرکٹر عماد وسیم کی ازدواجی زندگی سوشل میڈیا پر زیر بحث، ثانیہ اشفاق کی پوسٹ اور انسٹاگرام سرگرمیوں نے تعلقات میں کشیدگی کی خبروں کو تقویت دی۔
لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے معروف آل راؤنڈر عماد وسیم اس بار اپنی کرکٹ کارکردگی کے بجائے ذاتی زندگی کے معاملات کی وجہ سے خبروں کی زینت بنے ہوئے ہیں۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں اور اشاروں سے عندیہ ملتا ہے کہ عماد وسیم اور ان کی اہلیہ ثانیہ اشفاق کے درمیان تعلقات کشیدہ ہو چکے ہیں۔
حال ہی میں ثانیہ اشفاق نے اپنے نومولود بیٹے کی پیدائش کی خبر سوشل میڈیا پر شیئر کی، تاہم ان کے جذباتی پیغام اور انسٹاگرام پر عماد وسیم سے متعلق مواد کو حذف کیے جانے نے مداحوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔
ثانیہ نے اپنے بیٹے زایان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا: ’’میں نے تمہیں 9 ماہ تک تنہا اپنی کوکھ میں رکھا، اللہ مجھے آگے کے سفر کے لیے مزید طاقت دے۔‘‘
اس پیغام کے بعد ان کی ایک قریبی عزیزہ نے بھی انہیں ’’مضبوط عورت‘‘ قرار دیتے ہوئے دعا دی، جبکہ سوشل میڈیا صارفین نے عماد وسیم کی غیر موجودگی پر سوالات اٹھانا شروع کر دیے۔
ثانیہ اشفاق نے اپنے انسٹاگرام بایو سے ’’عماد وسیم کی اہلیہ‘‘ کا ذکر بھی ہٹا دیا ہے اور اپنے اکاؤنٹ سے عماد کے ساتھ تمام تصاویر ڈیلیٹ کر دی ہیں، تاہم عماد وسیم کی پروفائل پر اب بھی وہ تصاویر موجود ہیں۔ دونوں اب بھی ایک دوسرے کو فالو کر رہے ہیں، لیکن ان حرکات کو مدنظر رکھتے ہوئے صارفین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ رشتہ دراڑ کا شکار ہو چکا ہے۔
اس صورتحال کو مزید پیچیدہ اُس وقت کیا جب سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی، جس میں عماد وسیم لندن کی سڑکوں پر ایک خاتون کے ساتھ چہل قدمی کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ صارفین کا دعویٰ ہے کہ خاتون ماڈل اور انفلوئنسر نائلہ راجہ ہیں، جن کے ساتھ عماد وسیم کے مبینہ تعلقات کو اس کشیدگی کی ممکنہ وجہ قرار دیا جا رہا ہے، اگرچہ ویڈیو میں خاتون کا چہرہ واضح نہیں۔
ماضی میں بھی عماد وسیم پر غیر اخلاقی تعلقات کے الزامات سامنے آ چکے ہیں۔ ان کا ایک افغان خاتون کے ساتھ معاشقہ میڈیا کی شہ سرخیوں میں رہا ہے، جس کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر گردش کرتی رہیں۔
صارفین کا کہنا ہے کہ ’’عماد وسیم بھی اب شعیب ملک کے نقش قدم پر چل نکلے ہیں،‘‘ جبکہ کسی نے طنزیہ لکھا: ’’پہلے ثانیہ مرزا، اب ثانیہ اشفاق… اللہ ایسے مردوں کو ہدایت دے۔‘‘
ابھی تک نہ عماد وسیم اور نہ ہی ثانیہ اشفاق کی جانب سے ان خبروں کی تصدیق یا تردید کی گئی ہے، تاہم یہ معاملہ مداحوں اور کرکٹ حلقوں میں زبردست بحث کا موضوع بن چکا ہے۔