پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا مشترکہ آپریشن، فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے ٹھکانے تباہ، اسلحہ و بارود برآمد، علاقہ کلیئرنس کے لیے سینیٹائزیشن جاری۔
راولپنڈی، خیبرپختونخوا کے ضلع ملاکنڈ میں سیکیورٹی فورسز نے بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد تنظیم فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 9 دہشت گردوں کو ہلاک اور 8 کو گرفتار کرلیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ مشترکہ آپریشن 16 سے 20 جولائی 2025 کے دوران خفیہ معلومات کی بنیاد پر کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس کارروائی میں پاک فوج، پولیس، لیویز، سی ٹی ڈی اور ضلعی انتظامیہ نے مربوط انداز میں حصہ لیا۔ آپریشن کے دوران علاقے کا مؤثر محاصرہ کیا گیا اور دہشت گردوں کے دو اہم ٹھکانے تباہ کیے گئے، فائرنگ کے شدید تبادلے کے بعد 9 دہشت گرد مارے گئے جبکہ 8 کو زندہ گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار دہشت گردوں سے تحقیقات جاری ہیں۔
فورسز نے کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ، بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا، جس سے ممکنہ بڑے سانحات کو بروقت روکا جا سکا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دہشت گرد بھارتی خفیہ ایجنسیوں کی پشت پناہی سے ملک میں تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھے۔
علاقے کے عوام نے سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے مکمل تعاون اور حمایت کا اظہار کیا ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں مزید دہشت گردوں کی موجودگی کے پیش نظر سرچ اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔
ترجمان پاک فوج نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گے اور دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے پوری قوم کے ساتھ متحد ہیں۔