سوشل میڈیا پر فائرنگ کی دل دہلا دینے والی ویڈیو وائرل، وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے نوٹس لے لیا، ملزمان کی تلاش جاری۔
بلوچستان میں ایک مرد اور خاتون کے بہیمانہ قتل کی لرزہ خیز ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد عوامی سطح پر شدید غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔ فائرنگ سے دونوں کو بے رحمی سے قتل کیے جانے کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر گردش کر رہی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک سنسان مقام پر دو افراد کو گولیاں مار کر ہلاک کیا جا رہا ہے۔
واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے پر وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے فوری طور پر نوٹس لے لیا ہے اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں اور قاتلوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے اس حوالے سے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ویڈیو کسی نامعلوم مقام پر بنائی گئی ہے اور اب تک متاثرین یا ملزمان کی شناخت نہیں ہو سکی۔ انہوں نے مزید کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے ویڈیو کی تصدیق اور مجرموں کی تلاش کے لیے سرگرم ہو چکے ہیں۔
یاد رہے کہ بلوچستان میں اس نوعیت کے دل خراش واقعات ماضی میں بھی سامنے آتے رہے ہیں، تاہم جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے اس بار قاتلوں کی شناخت اور گرفتاری کو یقینی بنانے کے لیے سوشل میڈیا مواد کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔